1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولکتہ، منہدم پُل تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری

کشور مصطفیٰ1 اپریل 2016

مشرقی بھارت کے شہر کولکتہ میں ایک زیرتعمیر پل کے انہدام کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1INhI
تصویر: Reuters/R. De Chowdhuri

جبکہ جمعرات اور جمعے کی رات بھر امدادی ٹیموں نے بچ جانے والوں کی تلاش کا کام جاری رکھا۔ پولیس نے اُس تعمیراتی کمپنی کی چھان بین کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جسے منہدم ہونے والے اس پُل کی تعیمر کا ٹھیکا دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس کمپنی کے دفتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو کولکتہ کے بورا بازار کے علاقے میں زیر تعمیر پُل کے گرنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس کی زد میں متعدد راہگیر، گاڑیاں اور رکشے آ گئے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق کم از کم 70 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس NDRF کے سینکڑوں کارکن ڈرلنگ مشین، کنکریٹ کاٹنے والی مشینوں اور سدھائے ہوئے کُتوں کی مدد سے منہدم ہونے والے پُل کے ملبے تلے دبے انسانوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امدادی کارروائی کے لیے اس عملے کو پولیس اور فوج کا بھرپور تعاون بھی حاصل ہے۔

Indien Kalkutta Hochstraße Einsturz Trümmer
ریسکیو ٹیم مستعدی سے کام جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: Reuters/R. De Chowdhuri

مقامی ذرائع کے مطابق پُل کے نیچے اب بھی ایک ٹرک پھنسا ہوا ہے جس میں بعض افراد کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں اور اس میں متعدد لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ جائے حادثہ تنگ گلیوں اور گنجان آبادی والا علاقہ ہے اس لیے امدادای کاموں کے لیے بڑی کرینوں، مشینوں اور آلات کا سہارا لیا جا رہا ہے تاہم امداد اور راحت کے کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق منہدم ہونے والے 2 کلومیٹر طویل پُل کی تعمیر کا کام 2008 ء میں شروع ہوا تھا تاہم یہ تعمیراتی پروجیکٹ متعدد بار رُکا رہا کیونکہ اس کی تعیمر کا کام انجام دینے والی بھارت کی تعمیراتی فرم IVRCL مسلسل اقتصادی دشواریوں کا شکار رہی ہے۔