1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوریائی خطے میں کشیدگی، سلامتی کونسل کا اجلاس

19 دسمبر 2010

جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج اتوار کی شام ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں کوریائی خطے کوکسی ممکنہ جنگ سے بچانے کے بارے میں گفتگو کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/QfiM
تصویر: DW

اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر کے مطابق سلامتی کونسل کے اس اجلاس میں کوریائی خطے کی سنگین اور کشیدہ صورتحال کو تفصیل سے دیکھا جائے گا۔ اس سے قبل روس نے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان موجود کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ کیا تھا۔

شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کسی ممکنہ جنگ کے منڈلاتے بادلوں کے باعث اقوام متحدہ کے پانچ مستقل اراکین کا اجلاس ہفتے کی سہ پہر ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد اتوار کے روز ہونے والے باقاعدہ اجلاس سے قبل آپس میں صلاح مشورے کرنا تھا۔ سلامتی کونسل کا باقاعدہ اجلاس آج شام ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں پانچ مستقل رکن ممالک کے علاوہ سلامتی کونسل کے دس غیر مستقل رکن ممالک بھی شریک ہو رہے ہیں۔

UN Sicherheitsrat New York Dossierbild 3
سلامتی کونسل کا باقاعدہ اجلاس اتوار کے روز ہو رہا ہےتصویر: cc-by-sa-Patrick Gruban

دریں اثناء شمالی کوریا نے ہفتے کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر جنوبی کوریا کی طرف سے متنازعہ ییون پیونگ جزیرے میں ہونے والی جنگی مشقوں میں براہ راست فائرنگ کا مظاہرہ کیا گیا، تو یہ ایک ’’تباہی‘‘ ہو گی۔ گزشتہ ماہ اسی جزیرے پر شمالی کوریا کی طرف سے داغے گئے گولوں کے باعث جنوبی کوریا کے چار فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ جنوبی کوریا نے اس کارروائی کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا کی طرف سے دوبارہ ایسی کارروائی کی گئی، تو وہ اس کا بھرپور جواب دے گا۔

شمالی کوریا کی طرف سے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا گیا کہ اگر جنوبی کوریا کی طرف سے ییون پیونگ جزیرے پر جنگی مشقیں کی گئیں، تو کوریائی خطے کو جنگ سے بچانا ناممکن ہو جائے گا اور صورتحال ایک مکمل تباہی کی طرف بڑھ جائے گی۔

ییون پیونگ نامی جزیرے پر یہ ایک روزہ جنگی مشقیں 18 تا 22 دسمبر کے درمیان ہونا ہیں۔ روس اور چین نے جنوبی کوریا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان جنگی مشقوں کو ملتوی کردے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں