1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم ڈکار لینے والی گائے کی پیدائش کی کوششیں

16 جولائی 2009

کینیڈا میں ایسی گائے پیدا کرنے کی کوششیں جارہی ہیں جو عام گائے کی نسبت کم ڈکار لے گی۔ کیونکہ گائے کے ڈکار سے فضا میں میتھین گیس شامل ہوتی ہے، جو فضائی درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/ImK8
فضا میں میتھیں گیس میں اضافے ایک بڑا محرک گائے کو بھی سمجھا جاتا ہےتصویر: AP

کینیڈا کے ماہرین ماحولیات کے مطابق فضا میں شامل ہونے والی کُل میتھین گیس کا تین چوتھائی گائیوں کی وجہ فضا میں شامل ہوتا ہے، اور اس میں سے زیادہ تر میتھین گیس گائیوں کے ڈکار میں خارج ہوتی ہے۔ تحفظ ماحول پر کام کرنے والے سائنسدانوں کے مطابق میتھین گیس ماحول کے لئے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی نسبت بیس گنا زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔

کینیڈا کی ایلبرٹا یونیورسٹی کے پروفیسر اسٹیفن مُور Stephen Moore ایسے جین پرتحقیق کررہے ہیں جو گائے کے معدے میں میتھین گیس پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے۔ ان کی اس تحقیق کا مقصد ایسی گائیں پیدا کرنا ہے جو ماحول کے لئے کم نقصان دہ ہونے کے ساتھ ساتھ گوشت اور دودھ کی فراہمی میں زیادہ فائدہ مند ہوں۔

کینیڈا کے شہرایڈمینٹن Edmonton میں ایلبرٹایونیورسٹی کے زرعی اور خوراک سے متعلق تحقیق کے شعبے کے پروفیسر مُور کی ایک حالیہ تحقیق میں ایسی گائیوں کی پیدائش کے سلسلے میں ابتدائی تجربات مکمل کرلئے گئے ہیں جو 25 فیصد کم میتھین کے اخراج کا سبب بنیں گی۔

Deutschland-Portal Mecklenburg-Vorpommern Kühe
پروفیسرمُورکے مطابق ایسی گائیوں کو دی جانے والی زیادہ تر خوراک ان کے جسم کا حصہ بن جائے گیتصویر: Franziska Drewes

پروفیسرمُورکے مطابق ایسی گائیوں کو دی جانے والی زیادہ تر خوراک ان کے جسم کا حصہ بن جائے گی۔ لہذا ایسی گائیں کم ڈکار لیں گی جس کی وجہ سے 25 فیصد کم میتھین گیس فضا مین شامل ہوگی۔

اب تک میتھین گیس کے اخراج میں کمی کے لئے دودھ اور گوشت کے لئے پالے جانے والے جانوروں کو ایسی خوراک دی جاتی ہے جس میں زیادہ خوردنی تیل شامل ہو تا ہے۔ ایسی خوراک گھاس وغیرہ کے مقابلے میں کم خمیر پزیر ہوتی ہے جس سے میتھین سمیت ماحول کے لئے دیگر نقصان دہ گیسیں کم پیدا ہوتی ہیں۔

گائیوں پر تحقیق کرنے والے ایک امریکی فارم کی ترجمان نینسی ہرشبرگ Nancy Hirshberg کے مطابق اگر امریکی میں موجود ہر ڈیری فارم میتھین گیس کے اخراج میں 12 فیصد تک کمی کرلے تواس سے فضائی آلودگی میں اتنی ہی کمی واقع ہوگی جتنی پانچ لاکھ کاروں کو سڑکوں سے ہٹالینے سے۔

رپورٹ : افسراعوان

ادارت : عاطف توقیر