1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلاڈیو ماگرس: جرمن بک ٹریڈ امن انعام کے حقدار

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: شادی خان سیف19 اکتوبر 2009

جرمن شہر فرینکفرٹ کے کتاب میلے کی ایک مشہور روایت اُس کا وہ مشہورجرمن بک ٹریڈ امن انعام ہے جو ثقافتی اور تہذیبوں کے درماین مکالمت کا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔ اِس بار اطالوی ادیب کو اس انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/K9G7
کلاڈیو ماگرس: انعام حاصل کرنے کے بعد تقریر کرتے ہوئے۔تصویر: AP

فرینکفرٹ کتاب میلے کے موقع پر مشہور جرمن بک ٹریڈ امن انعام اِس بار اطالوی ادیب Claudio Magris کو دیا گیا۔ یہ انعام فرینکفرٹ کے عالمی کتاب میلے میں سن 1950 سے دیا جا رہا ہے۔

مشہور زمانہ ستر سالہ اطالوی ادیب کلاڈیو ماگرس علمی اور ادبی حلقوں میں ایک بڑے سکالر تصور کئے جاتے ہیں، کئی علمی پہلو اُن کی مٹھی میں بند ہیں۔ ہمہ جہت شخصیت کے حامل کلاڈیو ماگرس جرمن زبان و ادب کے بھی مشہور عالم ہیں۔

Claudio Magris Frankfurter Buchmesse 2009
اطالوی ادیب، فرینکفرٹ میں انعام حاصل کرنے کے بعد ایک منتظم کو آٹو گراف دیتے ہوئےتصویر: picture-alliance / Sven Simon

کلاڈیو ماگرس دس اپریل سن 1939 میں اطالوی شہر ٹرسٹے میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ تورین یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں۔ وہیں انہوں نے جرمن زبان و ادب کی تعلیم حاصل کی تھی۔ اُن کو کئی دیگر انعامات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ دو سال تک اٹلی کے ایوان بالا کے رکن بھی رہے ہیں۔

اٹلی کی ٹرسٹے یونیورسٹی میں گزشتہ تیس سال سے وہ جرمن زبان و ادب کی تعلیم دے رہے ہیں۔ اُن کو جرمن ادب کا ایک باریک بین طالب علم تصور کیا جاتا ہے جو عصری اور قدیمی جرمن ادب پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ماگرس کے مضامین اور کالم اٹلی کے علاوہ دیگر یورپی ممالک کے اخبارات و جرائد میں تواتر سے شائے کئے جاتے ہیں۔ وہ اِس سال نوبل انعام حاصل کرنے والوں کی فہرست میں بھی شامل تھے۔

انعام یافتہ ادیب کےمشہور ترین ناول کا نام Alla cieca ہے، جس پر بقول خود ماگرس کے، تحریر کرنے میں اٹھارہ برس کا عرصہ لگا تھا۔ اِس کے علاوہ سلطنت روم کی سرحد کے حوالے سے تاریخی حثیت کے حامل، دریائے ڈینیوب کے ثقافتی ورثے پر بھی ایک مشہور تصنیف کے وہ خالق ہیں۔ اہم یورپی دریا ڈینیوب پر اُن کا رومانی سفر انتہائی معرکتہ الآرا تصور کیا جاتا ہے

Claudio Magris Frankfurter Buchmesse 2009
انعام حاصل کرنے والی تقریب میں کلاڈیو ماگرستصویر: picture-alliance / Sven Simon

اطالوی ادیب Claudio Magris کو گزشتہ روز ایک خصوصی تقریب میں جرمن بک ٹریڈ امن انعام دیا گیا۔ ہفتہ کے دِن منعقدہ ایک تقریب میں کلاڈیو ماگرس نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ یورپی سیاست میں حقیقی جمہوری اقدار کے فروغ کے۔ ضمن میں سیاست سے Pop کلچر کو ختم کرنا ضروری ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ اِس کلچر کے نمائندہ سیاستدانوں میں اطالوی وزیر اعظم سلویو برلسکونی اور کسی حد تک فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی بھی شامل ہیں۔

جرمن بک ٹریڈ امن پرائز فرینکفرٹ کتاب میلے کی ایک اہم روایت ہے۔ یہ سن اُنیس سو پچاس سے دیا جا رہا ہے اور انعام کی مالیت پچیس ہزار یورو ہے۔ انعام کی تقریب میں ممتاز ادیب، شاعر، صحافی اور سفارتکار مدعو کئے جاتے ہیں۔ گزشتہ سال یہ انعام جرمن مصور Anselm Kiefer کو دیا گیا تھا۔وہ واحد مصور ہیں جنہیں یہ انعام دیا گیا تھا۔ یہ انعام اُس علمی ادبی شخصیت کو دیا جاتا ہے جس نے اپنے فن سے دو مخالف ملکوں یا تہذیبوں میں مکالمت کے عمل کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ امن و اخوت کے پرچار میں معاونت کی ہو۔

انعام دینے والی Boersenverein تنظیم ہے، جو جرمن ناشرین اور کتابیں فروخت کرنے والوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔