1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیری رہنماؤں سے بات چیت، نئی دہلی کی نئی پیشکش

26 ستمبر 2010

ہفتے کے روز بھارت کی مرکزی حکومت کی جانب سے اپنے زیرانتظام کشمیر میں مقامی رہنماؤں کو مذاکرات کی ایک نئی پیشکش کی گئی ہے تاکہ گزشتہ کئی ماہ سے وادی میں جاری پرتشدد مظاہروں کو روکا جا سکے۔

https://p.dw.com/p/PMoD
تصویر: UNI

بھارتی حکومت کی جانب سے آٹھ نکاتی منصوبے کا اعلان مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم کی جانب سے کیا گیا۔ پی چدمبرم کشمیر میں جاری پرتشدد مظاہروں کے خاتمے کی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔

Ausgangssperre
کشمیر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہےتصویر: UNI

علٰیحدگی پسند کشمیری رہنماؤں کی قیادت میں ہزاروں کشمیری شہری سری نگر سمیت مسلم اکثریت کے تقریباﹰ تمام ہی علاقوں میں روزانہ بھارت مخالف مظاہرے کر رہے ہیں۔ رواں برس جون سے اب تک سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ اور طاقت کے استعمال کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والے مظاہرین کی تعداد 107 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاک شدگان میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔ ان مظاہروں کا آغاز سکیورٹی فورسز کی طرف سے چلایا جانے والا آنسو گیس کا وہ شیل تھا، جو وہاں ایک ٹین ایجر کی ہلاکت کا باعث بنا تھا۔ اس کے بعد سے مظاہروں کا سلسلہ اب تک جاری ہے جبکہ متعدد علاقوں میں فوج تعینات کر دی گئی ہے اور کرفیو نافذ ہے تاہم مظاہرین کرفیو کی پرواہ کئے بغیر روزانہ سڑکوں پر مارچ کرتے ہیں۔

Proteste in Kaschmir, Demonstrationen nach Tod von Scheich Aziz
مظاہروں کو سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

اس نئے منصوبے کے مطابق نئی دہلی حکومتی اہلکاروں اور کشمیری رہنماؤں پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دے گا، جو مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائے گا اور یہ گروپ کشمیریوں کے سیاسی اور یوتھ گروپوں کی تجاویز کا جائزہ بھی لے گا۔

پی چدمبرم نے تاہم اس گروپ کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ رواں برس جون سے کشمیر میں شروع ہونے والے خونریز مظاہروں اور جھڑپوں کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے امن کی بحالی کے لئے یہ پہلا بہتر قدم ہے۔

کانگریس کی قیادت میں قائم بھارت کی مرکزی حکومت حالیہ مظاہروں میں تیزی کی ذمہ داری میڈیا پر بھی عائد کرتی ہے۔ حکومتی موقف کے مطابق میڈیا نے ان مظاہروں کو کچھ زیادہ ہی بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی غلط انداز میں تصویر کشی کی۔

وزیر داخلہ چدمبرم نے مظاہروں کے دوران فورسز پر پتھراؤ کرنے والے 255 نوجوانوں کی فوری رہائی کا اعلان بھی کیا۔ اپنے امن منصوبے میں چدمبرم نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی تعداد میں کمی پر بھی غور کرے گی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں