1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کساد بازاری کے باوجود پرتعیش اشیاء کی مانگ میں اضافہ

22 نومبر 2011

ایک تازہ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر اقتصادی صورتحال کو درپیش مشکلات کے باوجود پرتعیش اشیاء کی مانگ میں اضافہ متوقع ہے۔

https://p.dw.com/p/13EnX
تصویر: Leicht Jewellery

اس حوالے سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند سالوں میں پرتعیش یا لگژری اشیاء کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر سکتی ہے۔ یہ رپورٹ معروف امریکی ادارے "بین اینڈ کمپنی" اور اٹلی میں بیش قیمت اشیاء کے حوالے سے ممتاز نام " فونڈازینو الٹاگاما" نے تیار کی ہے۔ " لگژری گڈز ورلڈ وائیڈ مارکیٹ" کے عنوان سے تیار کی جانے والی اس رپورٹ میں پیشن گوئی کی گئی ہے کہ سن 2014 ء تک اس شعبے میں 6 سے 7 فیصد تک نمو کا امکان ہے۔

IAA in Frankfurt 2009
آئندہ چند سالوں میں پرتعیش یا لگژری اشیاء کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر سکتی ہےتصویر: DW

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہے کہ پرتعیش اشیاء کی مانگ رواں برس 10 فیصد نمو کے ساتھ 191 بلین یورو تک پہنچنے کا امکان ہے۔ رواں برس چین میں بیش قیمت اشیاء کے کاروبار میں 35 فیصد، برازیل میں 20 فیصد جبکہ عرب ممالک میں 12 فیصد تیزی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا میں گاڑیوں کی سب سے بڑی منڈی اور اس شعبے میں برآمدات کے حوالے سے ایک نمایاں ملک ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر فروخت کے اعتبار سے دو بیش قیمت اشیاء "زیورات اور گھڑیاں" سب سے نمایاں رہی۔ یورپ میں قرضوں کے بحران کی وجہ سے عالمی اقتصادی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس وقت بھی عالمی سطح پر کساد بازاری کا خطرہ موجود ہے تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود بھی بیش قیمت جیولری اور گھڑیوں کی فروخت میں رواں برس 18 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی پیشن گوئی کی گئی ہے کہ رواں برس یورپ کی پرتعیش اشیاء کی مارکیٹ 7 فیصد ، امریکہ میں 8 فیصد جبکہ جاپان، جس کی معاشی صورتحال رواں برس آنے والے تباہ کن زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئی تھی، میں لگژری اشیاء کی صنعت میں 2 فیصد ترقی متوقع ہے۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں