1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ کے میدان میں لارا کی واپسی کا امکان

17 اپریل 2010

بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے ویسٹ انڈین سٹار برائن لارا دوبارہ کرکٹ کے میدان پر قدم رکھ سکتے ہیں! انگلش کاوٴنٹی سرے نے تصدیق کر دی ہے کہ اس سلسلے میں لارا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/Myy2
تصویر: AP

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سرے کاوٴنٹی برائن لارا کو دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لئے قائل کرنے کی کوشش میں ہے۔ اگر لارا سرے کے ساتھ معاہدے پر راضی ہوجاتے ہیں تو شائقین کرکٹ اپنے اس پسندیدہ کرکٹر کو رواں سیزن دوبارہ بولرز کے ہوش اڑاتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

سرے کے ایک ترجمان نے ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے ساتھ بات چیت میں تصدیق کی کہ انگلینڈ کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیزن میں برائن لارا کو شامل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ اگر سارے معاملات طے ہوجاتے ہیں تو اس سیزن لارا سرے کلب کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔

لارا نے 2007ء کے عالمی کپ کرکٹ کے بعد کھیل کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے اس بائیں ہاتھ کے سٹائلش بیٹسمین نے گزشتہ دو سال سے کسی بھی قسم کی کوئی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ تاہم اس ہفتے برائن لارا کو اوول میں نیٹس پر دیکھا گیا۔ لارا نے سرے کرکٹ کلب کے منیجر کرس ایڈمز اور چیف ایگزیکٹیو پال شیلڈان کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

Inzamam-ul-Haq Cricketspieler
عالمی کرکٹ کونسل سے غیر تسلیم شدہ آئی سی ایل میں سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق نے بھی حصہ لیا تھاتصویر: AP

بھارتی میڈیا میں بھی لارا کی کرکٹ میں دوبارہ واپسی سے متعلق قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں۔ کہا جا رہا تھا کہ لارا آئندہ سال انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم کوچی کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

سن 2007ء میں برائن لارا نے عالمی کرکٹ کونسل سے غیر تسلیم شدہ انڈین کرکٹ لیگ ICL میں ممبئی چیمپس کی طرف سے بحیثیت کپتان شمولیت اختیار کی تھی تاہم سٹائلش بلے باز کا بلا حیران کن طور پر بولا نہیں، الٹا خاموش رہا۔

برائن لارا آئندہ ماہ کی دو تاریخ کو پورے اکتالیس برس کے ہوجائیں گے۔ اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں انہوں نے 131 ٹیسٹ میچوں میں تقریباً 53 کی اوسط سے 11953 رنز بنائے ہیں، جن میں 34 سنچریاں شامل ہیں۔ لارا نے 299 ون ڈے میچوں میں 40 کی اوسط سے لگ بھگ ساڑھے دس ہزار رنز بنائے ہیں، جن میں 19 سنچریاں اور 63 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

برائن لارا نے اپنی ایک ٹیسٹ اننگز میں 400 ناٹ آوٴٹ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، جسے آج تک کوئی بھی بیٹسمین عبور نہیں کر سکا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں