1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان بمقابلہ زمبابوے

14 مارچ 2011

بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مشترکہ میزبانی میں جاری ورلڈ کپ میں اگر آج پاکستانی کرکٹ ٹیم زمبابوے کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی تو وہ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

https://p.dw.com/p/10Yak
کامران اکمل شدید تنقید کی زد میں ہیںتصویر: AP

گروپ اے سے اب تک نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں کوارٹر فائنل کے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ آج زمبابوے کے خلاف میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم بھی اس مرحلے تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔ پاکستانی اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیمیں کینڈی شہر کے نواح میں واقع پالیکلے اسٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی۔ اسی میدان پر کامران اکمل کی خراب وکٹ کیپنگ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا گیا اپنا میچ ہار گئی تھی۔

ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ گروپ اے میں پہلی اور دوسری ٹیم کے مقام کا تعین کرے گا۔ گروپ اے میں چوتھی پوزیشن کی صورت میں اسے کوارٹر فائنل میں امکانی طور پر بھارت کا سامنا ہو سکتا ہے، جو گروپ بی کی سردست لیڈر ہے۔

Flash-Galerie Pakistan Cricket Trainer Shahid Afridi
پاکستانی کپتان شاہد آفریدی سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پر عزم ہیںتصویر: AP

پیر ہی کے روز گروپ بی میں بنگلہ دیش اور یورپی ٹیم ہالینڈ کے درمیان میچ شیڈیول ہے۔ یہ میچ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اسی میدان پر گیارہ مارچ کو انگلینڈ کی ٹیم کو میزبان بنگلہ دیش سے زوردار مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گروپ بی میں صورت حال کافی پیچیدہ ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم ہالینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کی صورت میں اپنے گروپ میں چوتھے مقام پر پہنچ جائے گی۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پانچ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر چلی جائے گی۔ سترہ مارچ کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ ایک طرح سے دونوں ٹیموں کی بقاء کا فیصلہ کرے گا۔ یہ میچ بھارتی شہر چنئی میں شیڈیول ہے۔ اس میچ میں شکست کی صورت میں انگلش ٹیم ورلڈ کپ سے خارج ہو جائے گی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت گروپ بی میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کے آخری دونوں میچ مشکل اور سخت حریفوں کے خلاف ہیں۔ یہ میچ اسے انگلینڈ اور بھارت کے خلاف کھیلنے ہیں۔ دونوں میچ ہارنے کی صورت میں وہ ٹورنامنٹ سے خارج ہو سکتی ہے۔ ہالینڈ کے بعد بنگلہ دیش کو جنوبی افریقہ کے خلاف ابھی میچ کھیلنا ہے۔

کرکٹ کا ورلڈ کپ اب آہستہ آہستہ اپنے اگلے مرحلے یعنی کوارٹر فائنل کے قریب پہنچ رہا ہے۔ پیر کے دو میچوں کے بعد باقی نو میچ رہ جائیں گے۔ ان میں کئی دلچسپ مقابلوں کا شائقین کرکٹ انتظار کر رہے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید