1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان اور بھارت کا ممکنہ سیمی فائنل

22 مارچ 2011

ایسے امکانات پیدا ہو گئے ہیں کہ چندی گڑھ کے اسٹیڈیم میں کرکٹ کے دو روایتی حریف یعنی پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں مد مقابل ہو سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ایک انتہائی دلچسپ اور زوردار مقابلہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/10era
تصویر: AP

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بدھ کو پہلے کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ یہ میچ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا ایک اور کوارٹر فائنل بھارت اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ یہ چوبیس تاریخ کو ہو گا۔ ان دونوں کوارٹر فائنلز کی فاتح ٹیمیں دوسرا سیمی فائنل میچ چندی گڑھ میں کھیلیں گی۔ یہ میچ تیس مارچ کو ہو گا۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم ، اگر اپ سیٹ نہیں ہوتا تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس طرح بظاہر یہ سب سے آسان کوارٹر فائنل خیال کیا جا رہا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بہتر رن اوسط کی بنیاد پر بنگلہ دیش کی ٹیم کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوئی اور اس باعث وہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچ پائی ہے۔ دوسری جانب پاکستان اپنے گروپ کی ٹاپ ٹیم ہے۔

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی کانٹے دار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ کوارٹر فائنل جمعہ کو ڈھاکہ کے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح انگلینڈ اور سری لنکا کا میچ بھی خاصا دلچسپ ہو سکتا ہے۔ یہ میچ کولمبو میں ہفتہ کے روز کھیلا جائے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ پہلے سیمی فائنل کی ممکنہ ٹیمیں ہو سکتی ہیں۔

Flash-Galerie Pakistan Cricket Trainer Shahid Afridi
شاہد آفریدیتصویر: AP

بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جانے والا کوارٹر فائنل بعض ماہرین کے نزدیک ایک منی فائنل سے کم نہیں ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے خلاف بھارتی سرزمین پر کھیلے جانے والے گزشتہ پندرہ ایک روزہ میچوں میں سے نو میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو شکست کا سامنا رہا ہے۔ اس مناسبت سے احمد آباد کوارٹر فا‌ئنل میچ میں مہندر سنگھ دھونی کی الیون قدرے دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔

کرکٹ کے ماہرین کا خیال ہے کہ احمد آباد کا میچ یقینی طور پر خاصا ٹینس ہو گا۔ بھارتی ٹیم کے مورال کو اس میچ میں کامیابی سے بہت حوصلہ ملے گا اور وہ اس باعث موہالی کے گراؤنڈ پر پاکستانی ٹیم (جیت کی صورت میں) کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتی ہے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ ورلڈ کپ کے میچوں میں بھارتی ٹیم کا پلہ پاکستانی ٹیم کے خلاف بھاری رہا ہے۔ یہ ایک نفسیاتی حربہ ہوگا جو بھارتی ٹیم کے مورال کو اور بلند کر سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں