1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرزئی کا دورہ ء مرجا، عمائدین سے ملاقات

7 مارچ 2010

افغان صدر حامد کرزئی آج اتوار کے روز اچانک دورے پر طالبان کے سابق گڑھ سمجھے جانے والے علاقے مرجاہ پہنچے جہاں انہوں نے مقامی عمائدین سے ملاقات کی۔

https://p.dw.com/p/MMQB
تصویر: AP

۔ مرجاہ کو نیٹو اور افغان افواج کی سال دوہزار ایک کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی فوجی کارروائی کے ذریعے طالبان کے قبضے سے حاصل کیا گیا ہے۔ 13 فروری کو شروع کی جانے والی اس کارروائی میں امریکہ، نیٹو اور افغان افواج کے 15 ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔

افغان صدر حامد کرزئی نے اس موقع پر فوجی آپریشن کی وجہ سے علاقے سے نقل مکانی کرجانے والے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو لوٹنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مرجاہ میں قبائلی عمائدین کے ایک تین سو رکنی وفد سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے عمائدین سے اپنی حکومت کے لئے حمایت کی اپیل کی۔

Afghanistan / Helmand / Flüchtlinge
افغان صدر نے مرجا سے نقل مکانی کرنے والوں کو واپس آنے کا کہا ہےتصویر: AP

وفد سے خطاب کرتے ہوئے صدر کرزئی نے کہا کہ ان کی حکومت طالبان کے تسلط سے آزاد کرائے گئے اس علاقے میں سیکیورٹی اور تعمیر نو کے اپنے وعدے پورے کرے گی۔ اس حوالے سے حامد کرزئی نے عمائدین سے سوال کیا کہ کیا وہ ان کے ساتھ ہیں یا ان کے خلاف؟ جس پر حاضرین نے نعرے لگائے کہ وہ صدر کرزئی کے ساتھ ہیں اور ان کی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔

Gulbuddin Hekmatyar
افغان حکام کے مطابق بغلان صوبے مٰیں گلبدین کے حامیوں نے حکومتی حمایت کا اعلان کیا ہےتصویر: AP

مرجاہ اور ناد علی میں نیٹو افواج کی حالیہ کارروائی کو امریکی صدر باراک اوباما کی نئی افغان پالیسی کی کامیابی کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جارہا تھا۔ کیونکہ افغانستان میں مزید امریکی افواج بھیجنے کے اعلان کے بعد شروع کیا جانے والا یہ پہلا بڑا فوجی آپریشن تھا۔ آپریشن مشترک 25 فرروی کو مرجاہ میں افغان پرچم لہرانے کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا تھا۔

مرجاہ کے دورے کے دوران افغانستان میں موجود نیٹو افواج کے امریکی کمانڈر جنرل اسٹینلے میک کرسٹل بھی صدر حامد کرزئی کے ہمراہ تھے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر کوئی بیان نہیں دیا۔

دوسری طرف افغانستان کے شمالی علاقے میں دو متحارب عسکری گروہوں کے مابین جھڑپوں میں 60 جنگجوؤں جبکہ 19 سویلین افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ افغان حکام کے مطابق یہ جھڑپیں سابق مجاہد کمانڈر گلبدین حکمت یار کی حزب اسلامی اور طالبان کے مابین ہوئی۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سابق وزیر اعظم حکمت یار کی حزب اسلامی کے جنگجو حکومت کی حمایت کا اعلان کرنے پر تیار ہوئے تھے جس کی طالبان نے مخالفت کی۔ بغلان کے گورنر امیر گل کے مطابق جنگل باغ کے علاقے میں جھڑپیں اتوار کے روز بھی جاری ہیں۔.

حکومتی ذرائع کے مطابق افغان فوج کے دستے قیام امن کے لئے اس دور دراز علاقے کی جانب روانہ کردئے گئے ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید