1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاٹالونیا: خودمختاری کی ترمیم اور دستوری عدالت

Abid Hussain Qureshi18 اپریل 2010

یورپی ملک سپین کے ثقافتی و اقتصادی علاقے کاٹالونیا کو ملنے والی آئینی خود مختاری کے خلاف دائر اپیل اعلیٰ ترین ہسپانوی عدالت میں معلق ہو کر رہ گئی ہے۔ اس دستوری ترمیم کے تحت سپین میں کاٹلان کو ایک قوم کا تشخص دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MzKZ
کاٹالونیا کی خودمختاری کے حق میں مظاہرہ، 2006 میںتصویر: AP

ہسپانوی علاقے کاٹالونیا کے لئے سن 2006ء میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے خودمختاری کے قانون کی منظوری دی گئی تھی۔ اس دستوری ترمیم کو مرکزی اپوزیشن جماعت کی جانب سے دستوری عدالت میں چیلنج کردیا گیا تھا۔ ہسپانوی دستوری عدالت کے دس ججوں میں سے چار تو اِس ترمیم کے حق میں ہیں لیکن ایک مکمل فیصلے کے لئے اکثریتی ججوں کا ہونا ضروری ہے۔ دستوری عدالت کے جج صاحبان اپوزیشن کی جانب سے دائر اپیل کے حق یا مخالفت میں تا حال کسی بھی نتیجے پر نہیں پہنچ پا رہے۔ اب اگلی نشست میں ججوں کے درمیان کسی مفاہمت کے امکان کی امید کی جا رہی ہے۔

دستوری عدالت اب تک پانچ بار اس معاملے کو حل کرنے کے لئے بیٹھ چکی ہے لیکن کسی مکمل اور اکثریتی فیصلے کی جانب کوئی عملی قدم اٹھانےسے مکمل طور پر قاصر دکھائی دیتی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ عدالت میں موجود لبرل اور قدامت پسند جج کسی ایک نکتے پر متفق نہیں ہو پا رہے۔ عدالت میں دائر اپیل کو چار سال کا عرصہ ہونے کو ہے۔

Spanien Katalonien Referendum über Unabhängigkeit Plakate in Vilafranca del Penedes
کاٹالونیا کی خودمختاری کے لئے ریفرنڈم کے پوسٹرزتصویر: AP

کاٹالونیا کی خودمختاری کی دستوری ترمیم کا مسودہ میڈرڈ اور بارسیلونا کی پارلیمنٹ کی جانب سے منظوری کے بعد کاٹلان علاقے کے ووٹرز کی جانب سے ایک ریفرنڈم میں منظور کیا گیا تھا۔ اس ترمیم کے ذریعے شمال مشرقی علاقے کو کئی اہم معاملات میں صوابدیدی اختیار استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہو گئی تھی۔ دستوری ترمیم کے تحت سپین کے اندر کاٹلان ایک علیحدہ قوم کے طور پر تسلیم کی گئی ہے۔ یہی شق سب سے زیادہ متنازعہ تصور کی جاتی ہے۔ ویسے بھی کاٹالان قوم کی زبان اور ادب انتہائی زرخیز تصور کیا جاتا ہے۔ اس ترمیم کے تحت کاٹالونیا کو ٹیکسوں کی مد میں اپنے فیصلے کرنے کے ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی اپنی مرضی استعمال کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ ترمیم کے تحت کاٹالونیا کو ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے اپنے اصول نافذ کرنے کا بھی اختیار ملا ہے۔ اس ترمیم میں عدالت کی جانب سے کسی بھی ردو بدل کے حوالے سے کاٹالونیا کی جانب سے سخت رد عمل کے ساتھ ساتھ مظاہروں کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

Tassen und typisch Katalanische Symbole
کاٹالونیا کی یادگاری اشیاءتصویر: DW

قدامت پسند رجحان کی حامل پاپولر پارٹی اس خود مختاری کی مخالفت کرتی ہے۔ پاپولر پارٹی سپین کی اہم سیاسی جماعت ہے۔ سپین کی چھیالیس ملین آبادی میں کاٹالان آبادی کا حصہ سات ملین کے قریب ہے۔ کاٹالونیا زرعی اور معدنی اعتبار سے امیر خطہ ہے اور دستوری ترمیم کو بیشتر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ سپین کی سالانہ شرح پیداوار میں کاٹالونیا کا حصہ پچیس فی صد ہے۔ اس کا مشہور شہر بارسیلونا ہے۔ کاٹلان کے ساتھ ساتھ ہسپانوی زبان بھی کاٹالونیا کی سرکاری زبان ہے۔ فرانس اور سپین کی سرحدوں میں کاٹالان علاقے میں علیحدگی پسندی کی ایک تحریک بھی برسوں سے جاری ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان