1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاربن گیسوں کا اخراج: یورپی کمپنیوں کا انڈکس جاری

27 اپریل 2011

یورپ کے مختلف ملکوں کی 300 سب سے بڑی کمپنیوں میں سے نصف سے بھی کم باقاعدہ طور پر اس بارے میں مکمل اعداد وشمار شائع کرتی ہیں کہ وہ مصدقہ طور پر کتنی زیادہ کاربن گیسوں کے اخراج کا باعث بنتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/114W4
تصویر: AP Photo/Efrem Lukatsky

ابھی حال ہی میں لندن میں جاری کیے گئے ایک مطالعاتی جائزے کے مطابق اپنی پیداواری یا کاروباری مصروفیات کے نتیجے میں زہریلی سبز مکانی گیسوں کے اخراج کا باعث بننے والی ان بڑی یورپی کمپنوں میں سے ایسے ڈیٹا کی سب سے کم رپورٹنگ فرانس اور سوئس کمپنیوں کی طرف سے کی جاتی ہے۔

تحفظ ماحول کے لیے کام کرنے والی ماحولیاتی سرمایہ کاری آرگنائزیشن EIO نامی تنظیم کے مطابق جن 300 بڑی یورپی کمپنیوں نے سبز مکانی گیسوں کے اخراج سے متعلق اپنے مصدقہ اعداد وشمار ظاہر کیے ہیں ان میں مالیاتی خدمات کے شعبے کی برطانوی کمپنی Aviva سرفہرست ہے۔ اس فہرست میں کان کنی کے شعبے کی پولینڈ کی کمپنی KGHM کا نام سب سے آخر میں آتا ہے۔

REDD
تصویر: AP

اس تحقیق کے مطابق پبلک سروسز کے شعبے میں کام کرنے والی اکثر یورپی کمپنیاں حیران کن حد تک سب سے زیادہ کاربن گیسوں کے اخراج کا باعث بننے والے ادارے ثابت ہوئیں۔ ایسی کمپنیوں کی وجہ سے خارج ہونے والی زہریلی گیسوں کی مجموعی تعداد 46 ریکارڈ کی گئی۔ غیر مالیاتی شعبے میں ماحول دشمن گیسوں کے اخراج کا باعث بننے والی سب سے بڑی ٹیلی کوم کمپنی سوئس کوم رہی۔

Deutschland Klima Umwelt Speicherung von CO2
تصویر: AP

EIO کی طرف سے جاری کی گئی اس فہرست کو یورپ میں ماحول کے لیے نقصان دہ اثرات کا اندازہ لگانے کے لیے کاربن رینکنگ انڈکس کا نام دیا جاتا ہے۔ ماحولیاتی سرمایہ کاری آرگنائزیشن کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں وہ یورپ کی ان تین سو سب سے بڑی کمپنیوں کی وجہ سے خارج ہونے والی کاربن گیسوں کے انڈکس کے علاوہ زیادہ علاقائی سطح پر اور عالمگیر سطح پر بھی دو نئے انڈکس متعارف کرائے گی۔ اس آرگنائزیشن کے آپریشنل ڈائریکٹر سام گل نے کہا کہ یہ نئے انڈکس ممکنہ طور پر پہلی مرتبہ آئندہ مہینوں میں جاری کر دیے جائیں گے۔

اس تنظیم کی طرف سے جاری کردہ ہریورپی انڈکس کے دو پہلو ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک تو یہ ہوتا ہے کہ دنیا کی بڑی بڑی پیداواری اور تجارتی کمپنیاں اپنی مصروفیات کی وجہ سے کس قدر سبز مکانی گیسوں کے اخراج کا سبب بنتی ہیں اور دوسرے یہ کہ یہی ادارے اس حوالے سے اپنے کردار کا خود کتنا اعتراف کرتے ہیں۔

ای آئی او کے مطابق یورپی کمپنیوں کو تجارتی مصروفیات کے دوران سبز مکانی گیسوں کے اخراج کو رپورٹ کرنے سے متعلق اپنی کارکردگی کو بہت بہتر بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یورپی اداروں کو ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں