1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیوڈ بیکہم کا دور ختم ہو چکا ہے، کاپیلو

13 اگست 2010

انگلینڈ کی فٹ بال ٹیم کے منیجر اور کوچ فابیئوکاپیلو نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ مشہور انگلش فٹ بالر بیکہم کا کیریئر ختم ہو چکا ہے۔ ان کے لئے ایک الوداعی میچ کا اہتمام اس سال کے آخر میں ممکن ہے۔

https://p.dw.com/p/OmdD
ڈیوڈ بیکہمتصویر: dpa

اطالوی نژاد کوچ کاپیلو نے ان خیالات کا اظہار ہنگری کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد نیوز کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر کاپیلو نے کہا کہ ’’بہت شکریہ ڈیوڈ‘‘۔ انہوں نے معروف انگریز کھلاڑی کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کا حوالہ بھی دیا۔ کاپیلو نے جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوران بیکہم کو بیک روم میں مشورت کے دوران شامل رکھا تھا۔ یورو چیمپیئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچوں میں بیکہم کے انتخاب کو انگریز ٹیم کے کوچ نے یکسر رد کردیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے بیکہم کو اس مناسبت سے بتا دیا ہے تو کاپیلو کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو نہیں لیکن جلد ہی وہ مطلع کردیں گے۔ اس حوالے سے مزید ان کا کہنا تھا کہ انگریز کھلاڑی کا دور اب ختم ہو گیا ہے۔ کاپیلو کے مطابق بیکہم ایک شاندار کھلاڑی تھا لیکن مستقبل کی ترجیحات اور ضرورتوں کے مطابق نوجوان کھلاڑی زیادہ اہم ہیں۔ انگلش ٹیم کے کوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب ہماری توجہ نئے کھلاڑیوں پر مرکوز ہو چکی ہے اور ان کا کھیل ہنگری کے خلاف شاندار تھا۔ بیکہم کے الوداعی میچ کے بارے میں کاپیلو کا کہنا تھا کہ یہ اچھا ہے کہ وہ اپنا آخری میچ ویمبلے کے میدان پر کھیلیں اور میدان میں موجود شائقین کو الوداع کہہ دیں۔

Fußball WM 2010 England Deutschland
انگلش ٹیم کے کوچ فابیئوکاپیلوتصویر: AP

اس بات کا امکان ہے کہ بیکہم کے لئے مجوزہ میچ دوستانہ ہو گا اور نومبر میں شیڈیول ہو سکتا ہے۔ ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ فرانس کی ٹیم کو اس میچ کے لئے مدعو کیا جا سکتا ہے۔

ڈیوڈ بیکہم نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز سن 1996 میں کیا تھا۔ اپنے ملک کے لئے وہ 115 میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ مڈ فیلڈر تھے اور گیند کو دفاعی کھلاڑیوں سے فارورڈ کھلاڑیوں تک پہنچانے میں ملکہ رکھتے تھے۔ بیکہم 115 بین الاقوامی میچوں میں 17 گول کر چکے ہیں۔ وہ امریکی شہر لاس اینجلیز کے کلب گلیکسی میں بھی بطور مڈ فیلڈر کے کھیلتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ بیلا روس کے خللاف کھیلا تھا۔

اُدھر کاپیلو کے بیان کو ڈیوڈ بییکہم کے مداحوں نے پسند نہیں کیا۔ اس مناسبت سے ابھی تک بیکہم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ وہ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ موجودہ انجری سے نجات پا کر ستمبر میں بھرپور ٹریننگ شروع کردیں گے۔ اب ان کی پرفارمنس کیا ہوتی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ اس کی بنیاد پر وہ ایک بار پھر انگلینڈ ٹیم کی نمائندگی کر سکیں گے یا نہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں