1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین پاکستان کی اقتصادی مدد کرے گا: چینی وزیر اعظم

17 اکتوبر 2008

پاکستانی صدر کا دورہ چین اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ گیا ہے اور اس دورے کے دوران ابھی تک آصف علی زرداری چینی وزیر اعظم اور صدر کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصٰات سے ملاقات کر چکے ہیں ۔

https://p.dw.com/p/Fba3
چینی وزیر اعظم وین جیاباوتصویر: AP

چینی وزیر اعظم وین جیابا و نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چین کے دورے پر گئے ہوئے پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے چینی وزیر اعظم سے اسٹریجک شراکت داری کے حوالے سے کئی امور پر گفتگو کی جنمیں دہشت گردی کا موضوع بھی زیربحث رہا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کی امداد کرے گا تاکہ پاکستان اپنے مالیاتی بحران پر کسی حد تک قابو پاسکے۔ ترجمان نے بیجنگ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں چین اپنے دوست ملک پاکستان کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ واضح رہے کہ ’’دی فائنانشل ٹائمز‘‘ نے شائع کیا تھا کہ آصف زرداری چین سے پانچ سو ملین ڈالرز کے قرضے کی توقع کررہے ہیں۔

کیا آصف علی زرداری کے اس دورہ چین سے وابستہ تمام توقعات پوری ہو جائیں گی یہ سوال ابھی بھی ناقدین کے نوک زبان پر ہے تاہم پاکستان کے معروف تجزیہ نگار طارق فاظمی نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کیش گرانٹ کے بارے میں محتاط رویہ رکھتا ہے تاہم دیگر ترقیاتی منصوبوں میں وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ اس لئے توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اسطرح قدم ملا کر چلے گا۔