1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیراعظم انگلینڈ پہنچ گئے

26 جون 2011

چینی وزیراعظم وین جیاباؤ اپنے تین ملکی دورہ یورپ کے دوسرے مرحلے میں برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد یورپ میں چینی تجارتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا ہے۔

https://p.dw.com/p/11jcG
تصویر: picture-alliance/dpa

یورپی ملک ہنگری کے بعد چینی وزیراعظم گزشتہ روز انگلینڈ کے وسطی شہر برمِنگھم پہنچے۔ انگلینڈ کے بعد وین جیاباؤ جرمنی کا دورہ بھی کریں گے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا کہ چینی وزیراعظم جیا باؤ نے برطانوی وزیرتجارت اور بیجنگ میں متعین برطانوی سفیر سے بھی ملاقات کی۔ تاہم ہفتے کے روز چینی وزیراعظم نے عظیم برطانوی مصنف شیکسپیئر کی جائے پیدائش اور ایک چینی کار ساز ادارے کے دورے کے علاوہ کوئی مصروفیت نہ رکھی۔

اس تین روزہ دورہ کا بنیادی مقصد چین برطانیہ سمٹ میں شرکت کرنا ہے، جو پیرکو لندن میں منعقد ہو گی۔ اس میٹنگ میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، وزیرخارجہ وِلیم ہیگ اور وزیرخزانہ جارج اوسبورن شریک ہوں گے۔ امکان ہے کہ اس کانفرنس میں متعدد تجارتی سمجھوتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ پیر ہی کے روز وین جیاباؤ برطانیہ سے جرمنی پہنچ جائیں گے۔

وین جیاباؤ اپنے دورہ برطانیہ میں نائب برطانوی وزیراعظم نِک کلیگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد ’گرین گروتھ‘ یا ماحول دوست ترقی ہو گا۔

NO FLASH Ungarn Viktor Orban und Chinesischer Premierminister Wen Jiabao
یورپ کے اس دورے میں وین جیاباؤ سب سے پہلے ہنگری پہنچے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

برطانیہ میں قدامت پسندوں اور لبرل ڈیموکریٹس کی مخلوط حکومت معاشی ترقی و استحکام کو خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ قرار دے چکی ہے، اس لیے چینی وزیراعظم کے اس دورے کو برطانیہ اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ نو ماہ کے دوران وین جیاباؤ کا یہ دوسرا دورہ یورپ ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں افریقہ، آسٹریلیا، جنوبی امریکہ اور امریکہ میں زبردست چینی سرمایہ کاری کے بعد یورپ میں چینی معاشی اثر و رسوخ میں اضافے کو بیجنگ کی اقتصادی پالیسی میں تبدیلی سے بھی تعبیر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق