چیمپیئنز لیگ میں مزید دو کوارٹر فائنل میچ مکمل
1 اپریل 2010یورپ میں فٹ بال کا ٹورنامنٹ چیمپیئيز لیگ یورپی کپ بھی کہلاتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی نگرانی یورپ میں فٹ بال کا مرکزی ادارہ کرتا ہے۔ اسی ماہ یعنی اپریل میں سیمی فائنل میچوں کا انعقاد بھی مکمل ہو جائے گا۔ فائنل میچ بائیس مئی کو کھیلا جائے گا۔
منگل کو بھی دو کوارٹر فائنل میچ کھیلے گئے، جن میں ایک میچ میں جرمن کلب بائرن میونخ کو کامیابی ملی تھی۔ دوسرے میچ میں فرانسیسی کلب لیون کو فتح حاصل ہوئی تھی۔ بدھ کو کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپیئن بارسیلونا کا مقابلہ انگلش کلب آرسنل سے تھا۔ لندن میں ہونے والے میچ میں دفاعی چیمپیئن شروع سے ہی میچ پر حاوی رہا لیکن دوسرے ہاف میں آرسنل نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے میچ برابری پر ختم کیا۔ اِس طرح اُس نے سیمی فائنل کھیلنے کا موقع قائم رکھا۔
دوسرا کوارٹر فائنل میچ ماسکو میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں مقامی ماسکو کلب کو اطالوی کلب انٹرناسیونال کا سامنا تھا۔ ایک سخت مقابلے کے بعد اٹلی کے شہر میلان کے کلب نے ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح سات سال بعد اطالوی کلب کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ انٹرناسیونال کلب کی جانب سے میچ کا واحد گول ڈیگو میلیٹونے کیا۔ ماسکو میں کھیلے جانے والے میچ میں اطالوی کلب کے کھلاڑیوں نے بھی روس کے گول پر پے در پے حملے کئے لیکن صرف ایک گول ہی کر سکے۔ میچ کے دوران ماسکو کلب کے گول کیپر کا کھیل انتہائی شاندا رہا۔
چیمپیئنز لیگ کی روایت کے مطابق یہی آٹھ ٹیمیں دوبارہ چھ اور سات اپریل کو ایک بار پھر کوارٹر فائنل میچ کھیلیں گی۔ ان کے نتائج پر سیمی فائنل کا فیصلہ ہو گا۔ ابھی تک بائرن میونخ، لیون، انٹرناسیونال کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ اسی طرح سیمی فائنل میچ بھی دو دو بار کھیلے جائیں گے، جن کے لئے مقابلے اسی ماہ ہوں گے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل