1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھپپن فیصد پاکستانی مہنگائی سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں: گیلپ انٹرنیشنل

24 اکتوبر 2008

غیر سرکاری تنظیم گیلپ انٹرنیسنل کے ایک حالیہ سروے کے مطابق 32 فیصد پاکستانیوں نے قیمتوں میں اضافے کے سبب اشیائے خوردنوش کے استعمال میں کمی کردی ہے ۔

https://p.dw.com/p/FgLp
تصویر: AP

گیلپ انٹرشنل کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 56 فیصد پاکستانی شہری غذائی اشیاء، پیٹرول اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ گیلپ انٹرنشنل کے مطابق دیہاتوں اور شہروں میں کئے گئے ایک سروے میں ستر فیصد لوگوں نے اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار حکومتی پالیسیوں کو ٹھہرایا۔ جب کہ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔

BdT Pakistan Lebensmittelausgabe in Lahore
تصویر: AP

جمعہ کے روز پاکستان کے صنعتی اور تجارتی شہرکراچی میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ہڑتال کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ یہ اعلان مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیا گیا تھا تاہم عوام نے اس ہڑتال سے خود کو لا تعلق رکھا البتہ نماز جمعہ کے بعد مختلف مساجد کے باہر بجلی کے نرخوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں بجلی کے نر خوں پر نظر ثانی کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمیٹی کا حتمی فیصلہ آنے تک بجلی کے بلوں کا ساٹھ فیصد ادا کیا جائے گا۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں ان دنوں بجلی کی بندش و قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے پرتشدد احتجاج کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔