1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چھٹی نہ ملنے پر بھارتی فوجی نے چار افسروں کو گولی مار دی

مقبول ملک
12 جنوری 2017

بھارت کی ایک مرکزی سکیورٹی فورس کے ایک سپاہی نے بظاہر چھٹی نہ ملنے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے چار اعلیٰ افسروں کو ہلاک کر دیا۔ اس اہلکار نے ان افسروں کو ریاست بہار کے ضلع اورنگ آباد میں ان کی بیرکوں میں قتل کیا۔

https://p.dw.com/p/2Vioj
Kudankulam Atomkraftwerk Indien
بھارتی ایٹمی بجلی گھروں کی حفاظت بھی ملک کی یہی مرکزی انڈسٹریل سکیورٹی فورس کرتی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Arun Sankar K.

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے جمعرات بارہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق مبینہ قاتل اور قتل ہونے والے چاروں اعلیٰ افسران ملک کی ایک ایسی ایلیٹ سکیورٹی فورس کے اہلکار تھے، جو سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس یا CISF کہلاتی ہے۔

بھارتی سپاہی کی ویڈیو وائرل

بھارت، نئے فوجی سربراہ کی تقرری پر اپوزیشن کی تنقید

کنٹرول لائن پر پاکستانی و بھارتی افواج کے درمیان شیلنگ

فوجی ہلاکتیں، ’پاکستانی آرمی چیف کا بیان غلط‘: بھارتی الزام

پولیس کے مطابق جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے میں ایک نیم فوجی اہلکار نے مشرقی بھارتی ریاست بہار کے ضلع اورنگ آباد میں چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے ایک تنازعے کے بعد اپنے چار سینئر افسران کو اندھا دھند فائرنگ کر کے انہی کی بیرکوں میں ہلاک کر دیا، جس کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی ناکام کوشش بھی کی۔

Wahlen in Indien 2009
2014ء میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی ایک فوجی نے اپنے پانچ ساتھیوں کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھیتصویر: AP

اورنگ آباد پولیس کے سربراہ ستیا پرکاش نے اے ایف پی کو بتایا، ’’فائرنگ کے نتیجے میں تین اعلیٰ پیرا ملٹری سکیورٹی افسران موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ چوتھا بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔‘‘

ستیا پرکاش کے بقول مبینہ قاتل اور مقتولین کے مابین اس فوجی کی چھٹی کے حوالے سے ایک تنازعہ پیدا ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملزم نے، جو مبینہ طور پر ذہنی پریشانیوں کا شکار بھی ہے، اپنے افسران کو نشانہ بناتے ہوئے 32 گولیاں چلائیں۔ ’’فائرنگ کے فوری بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش بھی کی لیکن موقع پر موجود اس کے ساتھیوں نے اسے دبوچ لیا۔‘‘

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ یہ واقعہ اورنگ آباد کے تھرمل پاور پلانٹ پر پیش آیا، جہاں یہ سب اہلکار ایک سکیورٹی یونٹ کی حیثیت سے تعینات تھے۔ مبینہ قاتل نے اپنے افسروں کو اس وقت نشانہ بنایا، جب ان کی ڈیوٹی ختم ہو چکی تھی اور وہ غیر مسلح تھے۔

بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس CISF اہم ترین سول اور حکومتی تنصیبات کی حفاظت کرتی ہے، جن میں ہوائی اڈے، حکومتی عمارات، ایٹمی بجلی گھر اور دیگر تنصیبات تک شامل ہوتے ہیں۔

Beamte der CISF patrollieren am Hafen von Chennai
بھارتی شہر چنئی کی بندرگاہ کے قریب حفاظتی گشت کرتے سی آئی ایس ایف کے سکیورٹی اہلکارتصویر: UNI

اے ایف پی نے یہ بھی لکھا ہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز میں مختصر چھٹیوں، کام کے غیر تسلی بخش حالات اور ڈیوٹی کے بہت طویل اوقات کی وجہ سے بار بار ایسے واقعات دیکھنے میں آتے رہے ہیں، جن میں ان فورسز کے ارکان یا تو خود کشی کر لیتے ہیں یا پھر طیش میں آ کر قتل وغارت پر اتر آتے ہیں۔

2014ء میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی ایک فوجی نے اپنے پانچ ساتھیوں کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔ اس خونریزی کی وجہ بھی یہی تھی کہ اس فوجی کو اس کے ایک سینئر افسر نے چھٹی دینے سے انکار کر دیا تھا۔