چوری کے الزام میں ایئر فرانس کی سٹیورڈس گرفتار
21 جولائی 2010فرانسیسی پولیس نے ایئر فرانس کی ایک سٹیورڈس کو چور ی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ فرانس کے ایک مقامی اخبار کے مطابق اس خاتون سٹیورڈس پر، لمبے فاصلے کی پروازوں کے دوران سو جانے والے مسافروں کے سامان سے نقدی، کریڈٹ کارڈز اور زیورات کے چوری کا الزام ہے۔
فرانسیسی پولیس کو گزشتہ کئی مہینوں سے فرانس سے مشرق بعید کے ملکوں کو جانے والے پروازوں میں چوری کے واقعات کی رپورٹس مل رہی تھیں۔ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں اور آخر کار ایک47 سالہ سٹیورڈس کو اس الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ فرانسیسی اخبار لی فیگارو کے مطابق خاتون کا نام لوسی آر ہے اور یہ جمعے کو ٹوکیو سے پیرس کی پرواز میں خدمات انجام دے رہی تھی۔
رواں سال جنوری میں پولیس نے اس وقت تفتیش کا آغاز کیا، جب پانچ مسافروں کے تقریبا چار ہزار یورو چوری ہوئے۔ چور نے سوتے ہوئے مسافروں کے سامان سے یورو، ین اور فرانک کے علاوہ گھڑیاں، زیورات اور کریڈٹ کارڈز، حتی کہ چیک بکس تک چوری کرلی تھیں۔ پولیس کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک مختلف پروازوں میں چوری کے 140 واقعات پیش آئے۔ جاپان سے تعلق رکھنے والے مسافر آسانی سے اس چور کا شکار بنتے تھے کیونکہ وہ کیش یا نقد رقم لے کر سفر کرتے ہیں۔
فرانسیسی پولیس کے مطابق بزنس کلاس میں کام کرنے والی اس سٹیورڈس نے اب تک 26 چوریوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کے اکاؤنٹ کی تفصیلات دیکھ کر معلوم ہوا کہ اس کے معیار زندگی اور اس کی کمائی میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ لوسی آر نے بتایا کہ اس نے مالی مشکلات سے نجات پانے کے لئے مارچ 2009 ء سے چوری کرنا شروع کی تھی۔ پولیس کو اس کے گھر سے ٹریولرز چیکس اور بینک کارڈز بھی ملے ہیں۔
رپورٹ : بریخنا صابر
ادارت : عدنان اسحاق