1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چارلی شین کا وارنر برادرز کے ساتھ تنازعہ ختم

27 ستمبر 2011

فلم اور ٹیلی وژن کے شعبے کی امریکی کمپنی وارنر برادرز کا مشہور اداکار چارلی شین کے ساتھ ان کے ایک انتہائی معروف ٹی وی پروگرام سے نکالے جانے کے بعد پیدا ہونے والا تنازعہ ختم ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12hMl
تصویر: AP

وارنر برادرز نے  ٹیلی وژن کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے اس کمپنی نے چارلی شین کو اپنی ایک سیریز Two and a Half Men سے نکالنے کا جو فیصلہ کیا تھا، اس کے بعد شین نے اس کمپنی اور اس سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر چک لورے کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا تھا۔

تاہم اب اس مقدمے میں فریقین کے مابین اتفاق رائے ہو گیا ہے تاکہ اس قانونی لڑائی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اتفاق رائے پر اطراف مطمئن ہیں لیکن یہ بات ظاہر نہیں کی جائے گی کہ اس تصفیے کی شرائط اور تفصیلات کیا ہیں۔

Flash-Galerie Cannes Filmfestival 2011 Woody Allen Midnight in Paris
تصویر: picture alliance/abaca

اس مقدمے میں چارلی شین نے وارنر برادرز کے خلاف اس ٹی وی سیریز سے غیر قانونی اور غیر منصفانہ طور پر نکالے جانے کی بناء پر سو ملین ڈالر کے مالی ہر جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ شین کو ’ٹو اینڈ اے ہاف مَین‘ نامی سیریز سے اسی سال مارچ میں نکال دیا گیا تھا۔

چارلی چین کی طرف سے وکیل مارٹی اسنگر نے عدالت کو بتایا تھا کہ وارنر برادرز سے طلب کردہ تلافی رقوم میں سے زیادہ تر مالی وسائل وہ ہیں، جو مالی منافع اور ڈی وی ڈی کی فروخت سے حاصل ہوئے تھے اور جن میں چارلی شین کا حصہ بھی بنتا تھا۔

Charlie Sheen Emmy 2011 Flash-Galerie
تصویر: AP

مارٹی اسنگر نے بھی اب یہ تصدیق کر دی ہے کہ اس مقدمے میں چارلی شین اور وارنر برادرز کے مابین تصفیہ ہو گیا ہے لیکن اس کی تفصیلات نہیں بتائی جائیں گی۔ لاس اینجلس ٹائمز نامی امریکی اخبار کے مطابق اس تصفیے کے تحت چارلی شین کو قریب 25 ملین ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

فلم اور تفریح کے شعبے کی ایک اہم امریکی ویب سائٹ TMZ نے لکھا ہے کہ اس اتفاق رائے کے بعد چارلی شین کو وارنر برادرز کی طرف سے جو ادائیگی کی جائے گی، اس کی مجموعی مالیت اگلے چند برسوں میں سو ملین ڈالر کے قریب تک پہنچ جائے گی۔

چارلی شین کو وارنر برادرز نے اپنی ایک بہت مقبول ٹی وی سیریز سے اس وقت نکالا تھا، جب وہ ٹیلی وژن کی تاریخ کے سب سے مہنگے اور زیادہ آمدنی والے اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ تب انہیں اس سیریز کی ہر قسط میں اداکاری کے عوض اس قسط کے نشر ہونے سے پہلے ہی 1.2 ملین ڈالر سے لے کر دو ملین ڈالر تک ادا کیے جاتے تھے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: سائرہ حسن