چارسدہ کے دلفریب رنگ واپس لوٹنے لگے
ماضی میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار رہنے والے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ڈی ڈبلیو اردو کے صارف زین اللہ خان نے اس علاقے میں بکھرے زندگی کے مختلف رنگوں کو تصاویر میں قید کیا ہے۔
سردریاب
ضلع چارسدہ میں سردریاب ایک سیاحتی مقام ہے۔ مقامی افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہاں سیر کرنے آتے ہیں۔
کشتی رانی
سردریاب دریائے کابل کے کنارے واقع ہے اور پشاور روڈ سے لگ بھگ بیس کلومیٹر دور ہے۔ یہاں مقامی افراد کشتی کی سیر سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔
سردریاب کی مچھلی
خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے میڈیا کے طالب علم زین اللہ کے مطابق سردریاب کی تَلی ہوئی مچھلی کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک قصائی مچھلی پکانے کی تیاری میں مصروف ہے۔
خیبر پختونخوا کی مکئی
سردریاب میں بچے ایک ٹھیلے سے بھنے ہوئے مکئی کے دانے لے رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی مکئی اپنے ذائقے کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔
زندگی کے خوبصورت رنگ
زین اللہ کے مطابق چارسدہ نے متعدد دہشت گردانہ کاروائیوں کا سامنا کیا ہے۔ کئی خاندان ایسے ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو دہشت گردانہ حملوں میں کھو دیا ہے۔ لیکن یہاں کے لوگ ایک مرتبہ پھر اپنی زندگی میں خوبصورت رنگ بھرنا چاہتے ہیں۔
مٹی کے تندور
چارسدہ اور اس کے آس پاس کے دیہاتوں میں روٹی تندور میں لگائی جاتی ہے۔ اس تصویر میں ایک کمہار مٹی سے تندور بنا رہا ہے۔
چارسدہ کی اعلیٰ معیار کی کھدر
ضلع چارسدہ کی کھدر نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی اپنے اعلیٰ معیار کے باعث بہت پسند کی جاتی ہے۔ دیکھیے ایک کاریگر کتنی مہارت سےکھدر کی بنائی کر رہا ہے۔
گھر گھر میں کھدر کا کارخانہ
چارسدہ کے علاقے ’رجڑ‘ میں اکثر گھروں میں کپڑا بنانے کی کھڈیاں موجود ہیں۔ گرمیوں میں ان چھوٹے کارخانوں میں کھدر کی چادریں اور کپڑا بنتا ہے اور سردیوں میں اُن کی فروخت کی جاتی ہے۔