پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن مفاہمت پر راضی
22 مارچ 2009لاہور کے نواح میں واقع علاقے رائے ونڈ میں پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے نواز شریف کو صدر آصف علی زرداری کی طرف سے قومی مفاہمت کا پیغام دیا۔ نواز شریف نے وزیر اعظم اور صدر کی طرف سے میثاق جمہوریت کے تحت قومی مفاہمت کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئیند قرار دیا۔
گیلانی۔شریف ملاقات کے بعد دونوں سیاسی رہنماوٴں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ہنستے مسکراتے صحافیوں کے سوالات کے جواب دئے۔
ایک عرصے سے چلی آرہی سیاسی محاذ آرائی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے میثاق جمہوریت کے تحت قومی مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
ادھر افتخار محمد چودھری آج اتوار کو باقاعدہ طور پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے منصب پر بحال ہوگئے۔ اتوار کی چھٹی کے باوجود ان کی رہائش گاہ پر جشن کا سماں تھا۔ چیف جسٹس افتخار چودھری کے گھر پر پاکستان کا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔ اس موقع پر سینئیر وکیل اعتزاز احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی بحالی پاکستانی عوام، سول سوسائٹی، وکلاء اور تمام ذی شعور لوگوں کے لئے فتح ہے۔