1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پہلے وائن، پھر تین نیلی گولیاں‘، بل کوسبی پر فردِ جرم عائد

عدنان اسحاق31 دسمبر 2015

’’گھوسٹ فادر‘‘ فلم کے مرکزی کردار اور معروف امریکی اداکار بل کوسبی پر جنسی زیادتی کے ایک مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی پیشی چودہ جنوری کو ہو گی۔

https://p.dw.com/p/1HWTv
تصویر: REUTERS/E. Thayer

بل کوسبی کا شمار ہالی وڈ کے معروف ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بارہ سال قبل ایک خاتون کو منشیات اور شراب کے نشے میں دھت کرنے کے بعد اس کی آبروریزی کی۔ وکیل استغاثہ کے مطابق ’’جنوری 2004ء میں کوسبی نے آندریا کو پہلے وائن پلائی اور پھر نیلے رنگ کی تین گولیاں کھانے پر مجبور کیا۔ اس کے تھوڑی دیر بعد وہ بے حال ہو گئی۔ اس دوران نہ تو وہ اپنی مرضی سے حرکت کر سکتی تھی اور نہ ہی اس میں بولنے کی سکت تھی۔ اس موقع پر کوسبی اسے صوفے پر لے گیا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ منشیات نے اسے اس قدر ساکت کر دیا تھا کہ وہ کسی قسم کی مزاحمت کرنے کے قابل بھی نہیں تھی‘‘۔

چوالیس سالہ آندریا کونسٹانڈ ان پچاس سے زائد خواتین میں سے ایک ہے، جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران اس اداکار پر جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے۔ کوسبی نے بدھ کو سنائے جانے والے اس فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اور ان کے وکیل اس مقدمے میں یہ تو تسلیم کر رہے ہیں کہ آندریا اور کوسبی کا جنسی تعلق قائم ہوا تھا لیکن وہ زیادتی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں:’’جنسی زیادتی کے الزامات بے بنیاد ہیں اور یہ ایک سیاسی سازش ہے‘‘۔

Bill Cosby
تصویر: AP

بدھ کے روز 78 سالہ کوسبی کمرہٴ عدالت میں اپنے دو وکلاء کے ساتھ آئے، اُس وقت وہ کافی کمزور دکھائی دے رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا پاسپورٹ عدالت کے حوالے کیا اور ایک ملین ڈالر مالیت کے بانڈز بھی بطور ضمانت جمع کرائے۔ جج نے انہیں حکم دیا کہ وہ متاثرہ خاتون سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہ کریں۔ بل کوسبی نے مسکراتے ہوئے اور انتہائی مؤدبانہ انداز میں فلاڈیلفیا شہر کی ڈسٹرکٹ عدالت کی جج الزبتھ میک ہیو کا شکریہ ادا کیا۔

اس مختصر سی عدالتی کارروائی کے بعد کوسبی اپنی انگلیوں کے نشان دینے کے لیے قریبی تھانے گئے۔ اس دوران انہوں نے صحافیوں کی جانب سے پوچھے جانے والے کسی سوال کا بھی جواب نہیں دیا۔ اب انہیں چودہ جنوری کو ہونے والی سماعت میں دوبارہ حاضر ہونا پڑے گا۔

امریکا میں کوسبی شو کی وجہ سے اس اداکار کو ایک فیملی مین یا خاندانی شخص کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے۔ انہیں پانچ سے دس سال تک قید اور پچیس ہزار ڈالر تک کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔