1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'پَیٹ' طوفان عمان میں تباہی کے بعد پاکستان پہنچ گیا

6 جون 2010

بحیرہ عرب میں آئے سمندری طوفان 'پَیٹ' سے عمان میں 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ یہی طوفان اتوار کو پاکستان کے ساحلوں علاقوں سے ٹکرائے گا۔

https://p.dw.com/p/NjBa
تصویر: AP

عمان میں شہری رضا کار ادارے کے سربراہ جنرل مالک العمری کے بقول مرنے والوں میں 14 عمانی، چار بنگلہ دیشی اور ایک بھارتی باشندہ شامل ہے۔ ان کے بقول طوفان کارخ اب پاکستان کی جانب ہے لہذا عمان میں تیل و گیس کی پیداوار بحالی کردی گئی ہے اور مواصلات کا متاثرہ نظام بھی جلد بحال ہوجائے گا۔

دوسری طرف پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ ہفتے کو بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں۔ ان بارشوں نے ضلع گوادر کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے جہاں بیشتر علاقے زیر آب ہیں اور شہر کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہے۔ طوفانی بارشوں سے گوادر کے مرکزی شہر اور اطراف کے دیہاتوں میں تغیانی کی صورتحال ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے مشرقی علاقوں میں گزشتہ روز شدید بارشوں کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے۔

زیادہ ہلاکتیں عمارتوں کی چھتیں منہدم ہونے اور سڑکوں پر ہوئے حادثات سے ہوئی ہیں۔ اس ضمن میں لاہور اور شیخوپورہ زیادہ متاثر ہوئے۔

Flut in Süd Asien 2007
تصویر: AP

دریں اثنا پاکستان کی جانب بڑھتے ہوئے سمندری طوفان کی شدت کم ہورہی ہے اور اسے اب اول درجے کاجھکڑ قرار دیا جارہا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی کو اس سمندری طوفان سے زیادہ نقصان نہیں پہنچے گا۔ کراچی میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی زیادہ سے زیادہ رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔ بحریہ اور بری افواج کو چوکس کردیا گیا ہے جبکہ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بحریہ کے ایڈمرل طیب علی ڈوگر کے مطابق سات سو سے زائد اہلکار متاثرہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ کراچی کی شہری انتظامیہ بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے جبکہ سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ نے ساحلی علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے بعد یہ سمندری طوفان ممکنہ طور پر بھارت کی ساحلی ریاست گجرات کا رخ کرے گا۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ ’پَیٹ‘ کی وجہ سے مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں ہوں گی اور یہ علاقے تیز ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید