1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوٹن بدھ کے روز جرمنی پہنچیں گے

عابد حسین
18 اکتوبر 2016

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مشرقی یوکرائن کے تنازعے سے متعلق چہار فریقی سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ یہ اجلاس بدھ کے روز برلن میں ہو گا۔

https://p.dw.com/p/2RNn3
China G20 Gipfel in Hangzhou
تصویر: Reuters/D. Sagolj

 جرمنی کی میزبانی میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں روس صدر پوٹن کے علاوہ فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ اور یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشینکو بھی   شریک ہوں گے۔ یہ سربراہی اجلاس کل بدھ انیس اکتوبر کی شام جرمن دارالحکومت برلن میں ہو گا۔

 روسی صدر 2014ء کے بعد پہلی مرتبہ جرمنی آئیں گے۔ اس اجلاس میں فروری سن 2015 میں طے پانے والے منسک امن معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں بحث کی جائے گی۔ اس کا امکان ہے کہ اجلاس میں متنازعہ یوکرائنی علاقے میں کییف حکومت کی جانب سے مجوزہ اصلاحات اور  علاقائی انتخابات کے بارے میں بھی گفتگو ہو سکتی ہے۔

چانسلر میرکل اور روسی صدر پوٹن کے مابین سن 2014 کے بعد ایک ملاقات روسی دارالحکومت ماسکو میں بھی ہو چکی ہے۔ انگیلا میرکل گزشتہ برس دوسری عالمی جنگ ختم ہونے کی سترویں سالگرہ کے موقع پر ماسکو گئی تھیں۔

Russland Merkel und Putin
ولادیمیر پوٹن اور انگیلا میرکل ایک سابقہ میٹنگ میںتصویر: imago/ITAR-TASS/M. Metzel

 منسک معاہدے کے نفاذ کے لیے بھی چاروں لیڈر ایک دوسرے سے ٹیلی فونک رابطے میں رہے تھے۔ منسک معاہدہ ستمبر سن 2014 میں ابتدائی طور پر منظور کیا گیا تھا لیکن اِس میں مزید قوت پیدا کرنے کے لیے فروری سن 2015 میں اس پر نظر ثانی کی گئی تھی۔ مشرقی یوکرائن میں بظاہر فائربندی ہے لیکن اس کی خلاف ورزی ایک معمول ہے۔ دونوں فریق ان خلاف ورزیوں کا ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

ان چاروں ملکوں کے لیڈران کی مشترکہ میٹنگ گزشتہ برس بھی ہو چکی ہے۔ یہ میٹنگ فرانسیسی صدر اولانڈ کی میزبانی میں پیرس میں ہوئی تھی۔ پیرس میٹنگ کے بعد مشرقی یوکرائن کے تنازعے پر کسی اور سربراہ اجلاس کا موقع پیدا نہیں ہو سکا۔