1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پورٹو ریکو کا امریکا کی 51 ویں ریاست بننے کا فیصلہ

مقبول ملک اے ایف پی
12 جون 2017

پورٹو ریکو میں ہونے والے ایک عوامی ریفرنڈم میں رائے دہندگان نے اس ملک کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کی حمایت کر دی۔ اتوار گیارہ جون کو ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں ووٹروں کی شرکت کا تناسب انتہائی کم رہا۔

https://p.dw.com/p/2eVVx
USA Puerto Rico Volksabstimmung geplannt
تصویر: Reuters

پورٹو ریکو کے دارالحکومت سان خوآن سے پیر بارہ جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی اپوزیشن جماعتوں نے اتوار 11 جون کو ہونے والے اس ریفرنڈم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا اور اس عوامی رائے دہی میں شہریوں کی شرکت کا تناسب انتہائی کم رہا۔

Puerto Rico | Abstimmung über Beitritt als 51. Bundesstaat der USA
ریفرنڈم میں صرف تئیس فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیاتصویر: REUTERS/T. Rucinski

اس ریفرنڈم کے نتائج پر عمل درآمد قانوناﹰ لازمی نہیں ہے لیکن اس طرح ریاستی انتظامیہ نے یہ طے کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ اس ملک کو امریکا کی 51 ویں ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے۔

پورٹو ریکو میں ووٹ دینے کے اہل شہریوں کی تعداد 2.2 ملین ہے، جن میں سے صرف 23 فیصد نے اس ریفرنڈم میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان ووٹروں میں سے بھی 1.3 فیصد نے کہا کہ وہ اس ملک کے امریکا کے ساتھ تعلق کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے۔

اس کے برعکس 1.5 فیصد رائے دہندگان نے باقاعدہ طور پر امریکا کی ایک ریاست بن جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پورٹو ریکو کو اپنی آزادی قائم رکھنا چاہیے۔ دوسری طرف 97.2 فیصد ووٹروں نے اس امر کی حمایت کی کہ اس ملک کو باقاعدہ طور پر ریاست ہائے متحدہ امریکا کا حصہ بنتے ہوئے امریکا کی 51 ویں ریاست بن جانا چاہیے۔

پورٹو ریکو کے گورنر ریکارڈو روسیلو نے، جنہوں نے اپنا ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے بھی اس بات کی حمایت کی کہ اس خطے کو امریکا کی ایک باقاعدہ ریاست بن جانا چاہیے، نتائج سامنے آنے کے بعد کہا کہ ریفرنڈم میں عوام کی شرکت بہت ہی کم رہی، لیکن وہ پھر بھی یہی کوشش کریں گے کہ یہ ریاست باقاعدہ طور پر امریکا کی ایک یونین اسٹیٹ بن جائے۔

Puerto Rico Gouverneur Ricardo Rossello
پورٹو ریکو کے گورنر ریکارڈو روسیلوتصویر: Reuters/A. Baez

پورٹو ریکو بحیرہ کیریبیین کا ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے، جسے امریکا کا تحفظ حاصل ہے۔ قانونی طور پر یہ جزیرہ 1898 سے ایک ایسا امریکی علاقہ ہے، جو باقاعدہ طور پر امریکا کا حصہ نہیں ہے۔ اسی لیے پورٹو ریکو کو پاس خود کوئی حتمی ریاستی اختیارات نہیں ہیں اور وہاں کا انتظامی سربراہ بھی صدر نہیں بلکہ گورنر کہلاتا ہے۔

پورٹو ریکو کو اس وقت اپنی اقتصادی بدحالی کے وجہ سے انتہائی شدید مسائل کا سامنا ہے اور اس جزیرے کے ذمے عوامی قرضوں کی مالیت بھی 73 بلین ڈالر ہو چکی ہے۔

اگر پورٹو ریکو کے باقاعدہ طور پر امریکی ریاست بننے کے فیصلے پر عمل درآمد کیا گیا، تو اس کے لیے امریکی کانگریس کو بھی اس خطے کی ایک امریکی ’پروٹیکٹوریٹ‘ کے طور پر موجودہ حیثیت تبدیل کرتے ہوئے اسے باقاعدہ طور پر امریکا کی ایک ریاست بنانے کی منظوری دینا ہو گی۔