1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرویز مشرف کے مستعفی ہونے پر جرمن حکومت کا ردعمل

امتیاز احمد18 اگست 2008

جرمن حکام نے پرویز مشرف کے استعفے کو کوئی تعجب خیز بات قرار نہیں دیا بلکہ جرمن وزیر خارجہ فرانک والتر شٹائن مائر نے کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ملک کا نئے صدر جمہوریت اورملک کی ترقی کےلئے فعال کردار ادا کریں گے۔

https://p.dw.com/p/F0Qf
جرمن وزیرخارجہ فرانک والٹر شٹائن مائرتصویر: AP

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے استعفے پر جرمن حکومت نے نہایت ہی محتاط انداز میں ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ جرمن وزیر خارجہ شٹائن مائرکا کہنا تھا کہ صدر مشرف کا استعفٰی کوئی تعجب خیز بات نہیں ہے۔

جرمن وزیرخارجہ فرانک والٹر شٹائن کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے اندرونی حالات میں بہتری آئے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے بہتر حالات افغانستان سمیت پورے خطے کے مفاد میں ہیں۔

شٹائن مائر نے کہا کہ جرمن حکومت امید کرتی ہے کہ پاکستانی حکومت اور مستقبل میں بننے والے صدر اس موقع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے جمہوریت اور ملک کے استحکام کےلئے کام کریں گے۔ جرمن حکومت مستقبل میں بھی پاکستان اور جمہوریت کا ساتھ دے گی۔

شٹائن مائر کے ترجمان Stefen Bredohl کا یہ کہنا بھی تھا کہ جرمنی چاہتا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لئے فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں پاکستان کا ایسا صدر ہونا چاہئےجو نہ صرف پاکستان کے لئے کام کرے بلکہ پورے خطے پر نظر رکھے اور بالخصوص افغانستان میں قیام امن پر خصوصی توجہ دے۔

جرمن وزیر خارجہ شٹائن مائر کے ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے آئندہ صدر، اپنے ہمسایہ ممالک اور خاص طور پر بھارت کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنائیں۔

دوسری طرف یورپی یونین نے بھی پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کو ملک کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار جمہوریت کا قیام اہم مسلہ ہے۔