1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتگال کے لیے بیل آؤٹ منصوبہ منظور

17 مئی 2011

یورپی یونین کے وزرائے خزانہ نے پرتگال کے لیے 78 ارب یورو کے بیل آؤٹ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یورو زون اور یورپی یونین کے مالی استحکام کا تحفظ ہے۔

https://p.dw.com/p/11HUW
پرتگال کے وزیر خزانہ فرنینڈو ٹیکسیرا(بائیں) یورپی یونین کے کمشنر برائے اقتصادی و مالیاتی امور اولی رین کے ساتھتصویر: AP

پرتگال کو قرضے کی اس رقم کی فراہمی تین ذرائع سے ہو گی، جن میں یورپیئن فنانشل اسٹیبلائزیشن میکنیزم (ای ایف ایس ایم)، یورپیئن فنانشل اسٹیبلٹی فیسلٹی (ای ایف ایس ایف) اور آئی ایم ایف شامل ہیں۔ ان میں سے ہر ایک چھبیس ارب یورو فراہم کرے گا۔

پرتگال نے گزشتہ ماہ باقاعدہ طور پر اس قرضے کی درخواست کی تھی۔ لزبن حکومت نے ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحات اور نجکاری پروگرام پر اتفاق کیا ہے۔

یورپی وزرائے خزانہ نے یونان سے بھی کہا ہے کہ بچت کے لیے تازہ اقدامات نہ کیے تو کسی طرح کی اضافی مدد نہیں ملے گی۔ یورو زون گروپ کے سربراہ ژاں کلود ینکیر نے کہا کہ یونان کے لیے قرضے کو ازسر نو مرتب کرنے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا تھا۔ تاہم انہوں ایسے کسی وسیع تر اقدام کو رد کیا ہے۔

انہوں نے کہا، ’یونان کو ابھی بھی اپنی مالیاتی اور انتظامی اصلاحات کے نفاذ کو عمل کو تیز کرنا ہو گا اور نجکاری پروگرام کو شروع کرنا ہوگا، جس کی مالیت تقریباﹰ پچاس ارب یورو ہے۔ انہیں بلا تاخیر اس پر عمل کرنا چاہیے۔‘

Brüssel Eurogruppe
اسپین کی وزیر خزانہ اٹلی اور سویڈن کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھتصویر: AP

یورو زون کے رہنماؤں نے یورپین سینٹرل بینک کے آئندہ سربراہ کے لیے اٹلی کے ماریو دراغی کی باقاعدہ سفارش بھی کی ہے۔ اس بینک کے موجودہ صدر ژاں کلود تریشے رواں برس اکتوبر میں یہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یورپی اداروں کی جانب سے جولائی میں دراغی کی تقرری کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ دراغی اٹلی کے مرکزی بینک کے سربراہ ہیں۔

خیال رہے کہ برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اس اجلاس پر آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومنیک اسٹراؤس کاہن کی امریکہ میں گرفتاری کی خبر حاوی رہی۔

انہیں ہفتہ کو نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا، جب وہ یورپ واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔ اسٹراؤس کاہن اتوار کو برلن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملنے والے تھے جبکہ پیر کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں بھی ان کی شرکت طے تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں