1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان کے لیے جاسوسی‘، بھارتی فضائیہ کا سابق اہلکار گرفتار

بینش جاوید29 دسمبر 2015

نئی دہلی میں بھارتی فضائیہ کے ایک سابق افسرکو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کےلیے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HVe9
Indien Polizei in Neu Delhi ARCHIVBILD
بھارتی پولیس کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے رنجیت کو پھانسنے کے لیے ایک خاتون کا سہارا لیاتصویر: picture-alliance/dpa/M. Sharma

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے ایک خاتون کا سہارا لیتے ہوئے رنجیت کے کے نامی بھارتی افسر کو اپنے جال میں پھنسایا۔

نئی دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر آف کرائم روندر یادیو نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا، ’’رانجیت کے کے نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بھارت کی فضائیہ کی ایک حالیہ مشق، طیاروں کی نقل و حرکت اور فضائیہ کی مختلف یونٹس کی تعیناتی سے متعلق معلومات فراہم کی ہیں۔‘‘

انڈین ایئرفورس کے اس سابق افسر کی حراست کا یہ واقعہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ دونوں ایٹمی طاقتیں اکثر ایک دوسرے پر جاسوسی کے الزامات عائد کرتی رہتی ہیں۔

بھارتی پولیس کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے رنجیت کو پھانسنے کے لیے ایک خاتون کا سہارا لیا۔ یادیو کے مطابق، ’’اب تک کی تحقیقات سے اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس شخص کو سرحد پار جاسوسوں کی طرف سے بے وقوف بنایا گیا ہے۔‘‘

1947 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد دونوں ممالک اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک امن مذاکرات کامیاب نہیں ہو پائے اوراب بھی کشمیر کے متنازعہ علاقے میں آئے دن پر تشدد واقعات ہوتے رہتے ہیں۔