پاکستان ویلنگٹن ٹیسٹ میں فتح کے قریب
5 دسمبر 2009محمد یوسف اور عمر اکمل کی نصف سنچریوں کی بدولت ويلنگٹن ٹيسٹ ميں پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم ہوگئی ہے۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام تک صورتِ حال یہ ہے کہ چار سو پانچ رنز کا تعاقب کرنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں اور ابھی اُسے میچ جیتنے کے لئے مزید تین سو پینتیس رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کے لئے محض سات مزید کھلاڑی آوٹ کرنا ہوں گے۔
پہلی اننگز میں دو سو چونسٹھ رنز بنانے والی پاکستانی ٹیم نے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں ننانوے کے اسکور پر ہی آؤٹ کر دیا تھا۔ محمد آصف چار اور دھنیش کنیریا تین شکاروں کےساتھ کے سرفہرست گیند باز رہے۔
پاکستانی بلے بازوں نے اپنی دوسری باری میں دو سو اُنتالیس رنز بنائے، جن میں محمد یوسف اور عمر اکمل کی نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف بتیس گیندوں میں اپنے پچاس رنز مکمل کئے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری باری میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ستر رنز بنائے اور تین وکٹیں گنوائی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے تینوں بلے باز محمد آصف کا شکار بنے۔
ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
رپورٹ : امجد علی
ادارت : شادی خان سیف