1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے چوتھا ون ڈے بھی جیت لیا

1 فروری 2011

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے میزبان ٹیم کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں دو وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو اب دو ایک سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/108a6
تصویر: AP

نیپیئر میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل ویٹوری نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آسان وکٹ پر اوپنرز مارٹن گپٹل اور جمی ہُو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز بناکر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی گپٹل تھے، جنہوں نے 17 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔ وہ وہاب ریاض کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

Shahid Afridi
پاکستانی کپتان شاہد آفریدی اس میچ میں پھر کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکےتصویر: AP

وہاب ریاض نے اپنی نپی تلی اور عمدہ بولنگ کے ذریعے یکے بعد دیگرے ہُو اور ٹیلر کو بھی بالتریب 13 اور چار رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ سکاٹ سٹائرس 11 کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ ولیمسن کو 15 کے انفرادی اسکور پر محمد حفیظ نے آؤٹ کیا۔

اس نازک موقع پر نیوزی لینڈ کا سکور 79 تھا اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس موقع پر فرینکلن کی عمدہ اننگز نے بلیک کیپس کو سہارا دیا۔ انہوں نے 62 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور شاہد آفریدی کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ ان کے بعد برینڈن میکلم نے 37 اور ان کے بھائی نیتھن میکلم نے ناقابل شکست 53 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 263 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین جبکہ کپتان شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی اوپنرز نے بھی اننگز کا آغاز پر اعتماد انداز سے کیا۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز بنائے تھے جب محمد حفیظ سٹائرس کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ محمد حفیظ کا انفرادی اسکور 12 تھا۔

سابق کپتان اور پاکستانی ٹیم کے سینئرکھلاڑی یونس خان نے آج نسبتاﹰ بہتر کارکردگی دکھائی اور آؤٹ ہونے سے قبل 42 رنز بنائے۔ تیسرے ون ڈے میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی آج پھر ناکام رہے اور محض چار رنز پر ویٹوری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

Daniel Vettori
نیوزی لینڈ کےکپتان ڈینیئل ویٹوری نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتصویر: UNI

اس موقع پر پاکستانی ٹیم شدید دباؤ میں نظر آئی اور پاکستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گریں۔ تاہم سابق کپتان مصباح الحق نے ایک سائیڈ سنبھالے رکھی اور 93 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو اس اہم میچ میں فتح دلوائی۔ پاکستانی ٹیم نے 263 رنز کا ہدف 49 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے سٹائرس نے تین جبکہ کپتان ویٹوری اور بینیٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ کا بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز پاکستانی بیٹسمین مصباح الحق کو دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پہلا ون ڈے نیوزی لینڈ نے جبکہ تیسرا پاکستان نے جیتا تھا۔ دوسرا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے بغیر فیصلے کے ہی ختم کر دیا گیا تھا۔

سیریز کا پانچواں میچ اب جمعرات تین فروری کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں