1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ہیضے کو پھیلنے سے روک لیا جائے گا، یو ایس ایڈ

15 اگست 2010

پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے امریکی رضا کاروں کو امید ہے کہ سیلاب زدہ خطوں میں بین الاقوامی اور پاکستانی حکومت کی کوششوں سے ہیضے کی وباء کو پھیلنے سے روک لیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Onxi
خیبر پختونخوا کے ایک کیمپ کا منظرتصویر: AP

بین الاقوامی امداد کے سب سے بڑے اداے، یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈوبلپمنٹ ’’یو ایس ایڈ‘‘ کے قائم مقام ڈائریکٹر مارک ویرڈ کے بقول اب تک ہیضے کے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے اور متعدد دیگر مشکوک کیسز موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایک کروڑ چالیس لاکھ پاکستانی سیلاب سے متاثر ہیں۔ ہیضہ کے واحد کیس کی تصدیق خیبر پختونخوا صوبے کی وادی سوات میں ہوئی ہے۔ یو این کے دفتر برائے انسانی معاملات کے پاکستان میں رابطہ کار Maurizio Giuliano کے مطابق کم از کم چھتیس ہزار دیگر افراد پانی سے لاحق ہونے والی دیگر بیماریوں میں متبلا ہیں۔

یو ایس ایڈ کے ویرڈ پر امید ہیں کہ ہیضے سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں کا پہلے سے علم ہے اسی لئے جیسے ہی امداد پہنچے گی فوری طورپر وہاں پہنچادی جائے گی۔ امداد سے ان کا اشارہ عالمی ادارہ ء صحت کے اس نظام کی جانب ہے جس سے پانی کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں کا فوری طور پر پتہ چلایا جاتا ہے۔

NO FLASH Pakistan Überschwemmung Flut
ایک بزرگ شہری تباہ حال مکان میں نصب نل سے پانی پیتے ہوئےتصویر: AP

یو ایس ایڈ کے مطابق پاکستان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہیضہ پھیلنےکے امکانات یقینی ہیں تاہم بروقت کوششوں سے اس کو وباء کی شکل اختیار کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔ متاثرین کے لئے ایک اور خوشی کی بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں سیلاب کے نئے ریلے کے خدشات انتہائی کم ہیں۔

ہیضہ بنیادی طور پر آلودہ پانی کے ذریعے آنتوں میں بیکٹیریا کے پھیلاؤ سے لاحق ہونے والی بیماری ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

ویرڈ نے امریکی حکام پر زور دیا ہے کہ اب وہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بجائے ان کے علاج معالجے کی جانب توجہ دیں۔ امریکی حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی، ان کے لئے مکانات کی تعمیر اور قرض کی سہولتوں کے لئے 75 ملین ڈالر فراہم کئے ہیں۔ جرمنی نے بھی پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے دی جانے والی امداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جرمن حکام کے مطابق پندرہ ملین یورو کی امدادی رقم پینے کے صاف پانی، طبی مقاصد اور خوارک کے حصول پر خرچ کی جائے گی۔

Pakistan Flutkatastrophe Hilfe
مظفر گڑھ میں امدادی سامان متاثرین کی جانب پھینکا جارہا ہےتصویر: AP

اقوام متحدہ نے عالمی برادی سے پاکستان کے لئے 460 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یو این کے سیکریٹری جنرل بان کی مون متوقع طور پر اتوار کو پاکستان پہنچ کر خود صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

دریں اثنا بڑا سیلابی ریلہ جنوبی صوبے سندھ کے شہر جیکب آباد کی جانب گامزن ہے جہاں کی نوے فیصد آباد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کی تاریخ کے اس بدترین سیلاب سے کم سے کم 16 سو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسلام آباد حکومت 1343 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرین کی تعداد دو کروڑ بتارہی ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں