پاکستان میں حکومتی اعلان کے مطابق معزول ججوں کی بحالی غیر یقینی
26 اپریل 2008پاکستان میں موجودہ مخلوط حکومت میں شامل جماعت مسلم لیگ نون کے ایک مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی معتمد جاوید ہاشمی نےکہا ہے کہ اگر اسلام آباد میں نئی حکومت معزول ججوں کو بحال نہ کرا سکی تو ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر حکومت سے علیحدہ ہو جائیں گے۔
دریں اثنا ء پاکستان میں بہت سے سیاسی حلقے یہ کہہ رہے ہیں کہ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کئے جانے کے بعد یہ بات قدرے یقینی ہو گئی ہے کہ یوسف رضاگیلانی کی حکومت اپنے وعدے کے مطابق ایک مہینے کے اندر اندر ان ججوں کو بحال نہیں کراسکے گی۔ اس تناظر میں اسلام آباد میں شکور رحیم نے اپنی ایک رپورٹ کا موضوع اس بات کو بنایا کہ معزول ججوں کی بحالی اگرہو گی تو کب تک، اور یہ بھی اس بارے میں مسلم لیگ نون کے ساتھ ساتھ نئی حکومت میں وزیر قانون فاروق نائک کیا کہتے ہیں۔