1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

”پاکستان میں تمام اہم پالیسی فیصلے پارلیمان میں ہوں گے“

27 مارچ 2008

پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی صدر جورج ڈبلیو بُش کے ساتھ ٹیلیفون گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان امریکی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا حامی ہے لیکن اِس مسئلے سے نمٹنے کےلئے ایک وسیع تر حکمتِ عملی کی ضروت ہے اور اِس میں سیاسی حل کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ گیلانی نے پاکستان کے دَورے پر گئے ہوئے نائب امریکی وزیر خارجہ جون نیگرپونٹے اور معاون وزیر خارجہ رچرڈ باؤ‎چر کو بتایا کہ تمام اہم

https://p.dw.com/p/DYD9
یوسف رضا گیلانی صدر مشرف کے ہاتھوں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد
یوسف رضا گیلانی صدر مشرف کے ہاتھوں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعدتصویر: AP

پالیسی فیصلے ملکی پارلیمان کرے گی۔

پیر 24 مارچ کو نئے پاکستانی وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد امریکی صدر بُش نے اُنہیں فون پر مبارک باد دی، جبکہ اگلے ہی روز یعنی منگل کو نیگروپونٹے اور باؤ‎چر پاکستان پہنچ گئے اور اُنہوں نے مختصر مدت کے اندر اندر حکومت اور اپوزیشن کی کئی شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کر ڈالیں۔ پاکستان عوام کے کچھ طبقوں نے اِن عہدیداروں کے دَورے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اِس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

دونوں امریکی عہدیداروں نے درہء خیبر کے قریب پختون قبائلی علاقے کا بھی دَورہ کیا اور قبائلی معززین کے ساتھ ملاقات کی۔ نیگروپونٹے اور باؤ‎چر کے ساتھ ملاقات میں مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے بھی واضح کیا کہ سلامتی کے معاملے میں اب مشرف پہلے کی طرح اکیلے ہی فیصلے نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں امریکی عہدیدار یہ یقین دہانی حاصل کرنے کے لئے پاکستان گئے ہیں کہ نئی مخلوط حکومت عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں مشرف حکومت کے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔

یوں نئے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی انپے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سے اپنے عہدے سے مخصوص معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہو چکے ہیں۔ ایک طرف وہ ٹیلی فون پر بیرونی دُنیا کے سربراہانِ مملکت و حکومت کی مبارکبادیں وصول کر رہے ہیں تو دوسری جانب اپنی کابینہ کے خدو خال کو بھی حتمی شکل دینے میں لگے ہوئے ہیں۔