1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: شادیوں کے بعد خواتین کی بیرون ملک فروخت

عدنان باچا، سوات
24 فروری 2017

ایسے انکشافات سامنے آئے ہیں کہ پاکستانی دیہاتی خواتین  سے شادیاں کرنے کے بعد انہیں بیرون ملک یا پھر اندورن ملک فروخت کر دیا جاتا ہے۔ مبینہ طور پر کئی خواتین کو دبئی میں فروخت کرتے ہوئے انہیں جسم فروشی پر مجبور کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2Y85l
Pakistan - Familie protestiert nach Zwangsheihrat und Menschenhandel
تصویر: A. Bacha

سوات میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’’ خوئندو جرگہ‘‘ کی چئیر پرسن تبسم عدنان نے انکشاف کیا ہے کہ سوات میں شادی کی آڑ میں خواتین کی فروخت کے لیے متعدد گروہ سرگرم ہیں جو خواتین اور ان کے خاندان والوں کو سبز باغ دکھا کر  پیسوں کے عوض شادیاں کرواتے ہیں اور پھر ان خواتین کو جسم فروشی کے لیے فروخت کر دیا جاتا ہے۔

 ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا،’’ہماری تنظیم کے پاس پانچ کیس ایسے آئے ہیں جن میں والدین نے پیسوں کی خاطر اپنی بیٹیوں کی شادیاں کروائیں اور پھر ان لڑکیوں پر وہاں نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ ان سے غیر اخلاقی کام بھی کروائے جاتے رہے۔‘‘

Pakistan - Familie protestiert nach Zwangsheihrat und Menschenhandel
تبسم عدنان نے انکشاف کیا ہے کہ سوات میں شادی کی آڑ میں خواتین کی فروخت کے لیے متعدد گروہ سرگرم ہیںتصویر: A. Bacha

انہوں نے مزید بتایا کہ ان لڑکیوں اور خواتین کا تعلق زیادہ تر دیہاتی علاقوں سے ہوتا ہے جہاں پر اس قسم کے گروہ آسانی سے اپنا کام کر تے ہیں، ’’ہمارے پاس جو خواتین فریاد لے کر آئیں ان کو یا تو دبئی یا اندرون ملک فروخت کیا گیا تھا، بعض خواتین کو تو ہم نے خلع دلوائی ہے لیکن کچھ ایسی بھی ہیں جو ابھی بھی ان لوگوں کے چُنگل سے آزاد نہیں ہو پائی ہیں۔‘‘

دبئی میں جسم فروشی، پاکستانی خواتین کا المیہ

سوات کے علاقے منگلور کی رہائشی بیس سالہ لڑکی شمع نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ اس کی شادی اس کی مرضی کے خلاف پشاور کے ایک رہائشی سے ہوئی تھی۔ شادی کے پہلے دنوں میں تو حالات معمول کے مطابق رہے پھر، ’’ ایک دن میرا شوہر مجھے ڈانس کروانے لے گیا اور جب میں نے انکار کیا تو میرے والدین کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی، پھر بعدازاں مجھ سے جسم فروشی کا کام بھی لیا جانے لگا۔ ‘‘

Pakistan - Familie protestiert nach Zwangsheihrat und Menschenhandel
سوات کے علاقے منگلور کی رہائشی بیس سالہ شمعتصویر: A. Bacha

اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کے دفتر سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایسے گروہ سرگرم ہے، جنہوں نے 2013 کے دوران انسانی اسمگلنگ سے 927 ملین ڈالرکمائے جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں ایسے تقریباﹰ ایک ہزار گروہ موجود ہیں، جو انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

خواتین کے فروخت اور کاروبار کے حوالے سے خیبر پختون خواہ کے ایک پولیس آفیسر حبیب اللہ خان نے بتایا کہ اس قسم کے کیسز یا تو مقامی این جی اوز کے دفاتر میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں یا دیہات کی سطح پر جرگہ کے ذریعے ان کو آپس میں حل کر لیا جاتا ہے، ’’ ہمارے پاس ابھی تک خواتین کے شادی کی آڑ میں ان کی فروخت کا کوئی بھی ایک کیس یا مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔‘‘

خوئندو جرگہ تنظیم کے مطابق سوات سمیت صوبہ خیبر پختون خواہ کے دیگر علاقوں میں اس قسم کے واقعات میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مبینہ طور پر ان خواتین کو 25 ہزار سے دو لاکھ روپے میں شادی کرکے خریدا جاتا ہے اور پھر بیرون ملک مہنگے داموں فروخت کر دیا جاتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر ان گروہوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے یہ لوگ اور مضبوط اور متحرک ہو رہے ہیں۔

  تبسم عدنان کے مطابق دیہاتوں کی سطح پر اس مسئلے کے خلاف آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے تاکہ جب والدین اپنی بیٹی کی شادی کسی غیر مقامی شخص سے کریں تو اس سے پہلے باقاعدہ طور پر ان کے بارے معلومات حاصل کی جائے۔