1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز ہار گیا

رپورٹ: طارق سعید، دمبولہ، ادارت: شامل شمس3 اگست 2009

سری لنکا نے پاکستان کو دمبولہ میں مسلسل تیسرے میچ میں بھی شکست دے کر پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔

https://p.dw.com/p/J2q9
سری لنکا کے کپتان کمار سنگاکاراتصویر: AP

پیر کو رانگیری سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے سامنے 289 رنز کا مشکل ہدف رکھا تھا مگر مہیلا جے وردنے اور اپل تھرانگا کی پہلی وکٹ کےلئے202 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ نے اسے آسان بنا دیا ۔ سری لنکا نے 47 ویں اوور میں چار وکٹ گنوا کر مطلوبہ ہدف تک رسائی حاصل کی۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان نے شکست کی وجہ خراب بولنگ اور فیلڈنگ کو قرار دیا ہےتصویر: AP

سابق لنکن کپتان جے ورد نے،جنہوں نے جے سوریا کی عدم موجودگی میں اوپنر کی ذمہ داریاں نبھائیں، ون ڈے کرکٹ میں اپنی 11 ویں سینچری سکور کی۔ تھرانگا نے 78 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف دنیا کی کسی بھی ٹیم کی جانب سے یہ بہترین اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ اور ناتھن ایسٹل نے 2001 میں پاکستان کے خلاف ڈینڈن میں 193 رنز کا اوپننگ سٹینڈ قائم کیا تھا۔

سری لنکن کپتان سنگاکارا 37رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے دو وکٹیں لیں جبکہ عبدلرزاق اور محمد عامر نے ایک ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے اکمل برادران کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پا کر مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 288رنز بنائے۔ عمر اکمل نے شاندار 66اور کامران اکمل نے5رنز بنائے۔

یہ پہلا موقع ہے جب سری لنکا نے پاکستان کو اپنی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔

پاکستانی کپتان یونس خان نے بائولرز کی جانب سے بریک تھرو نہ دلانے اور خراب فیلڈنگ کو شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوے یونس خان نے کہا کہ ہمیں 288سکور کا دفاع کرتے ہوے یہ میچ 35سے 40رنز تک جیت لینا چاہیے تھا مگر بائولرز نے صحیح جگہ پر گیند نہیں کی اور فیلڈنگ بے حد خراب تھی۔ ایسی فیلڈنگ کے ساتھ ساڑھے تین سو رنز کا بھی دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ اس سلسلے میں ہمیں کچھ نہ کچھ ضرور کرنا ہو گا۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ٹونٹی20کے بعد ہمیں یہاں متواتر میچز کھیلنا پڑے۔

یونس خان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی طرح انہیں بھی سلیکشن سمیت دیگر اختیارات دیے جائیں۔ جب عمران کپتان تھے تو کوچ یا مینجر کسی کی نہیں چلتی تھی۔ اسی طرح انضمام بھی کوچ باب وولمر کے بجائے خود ٖ فیصلے کرتے تھے۔ یہنس خان کا کہنا ہے کہ انہیں بھی ایسی خود مختاری دی جائے کیونکہ ان کا کام کرنے کا ایک اپنا سٹائل ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ سات اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔