1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچ میں فتح یاب

9 اگست 2009

پاکستان نے سری لنکا کوپانچویں ون ڈے میچ میں 132 رنز سے شکست دے دی۔ سری لنکا کی ٹیم 279 رنز کے ہدف کے جواب میں 34.2 اووروں میں 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/J6eY
پاکستانی ٹیم کھیل کے تمام شعبوں میں چھائی رہیتصویر: AP

پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کو پہلا دھچکا اس وقت لگا جب اوپنر کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔ تاہم اس موقع پرعمران نذیر نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور صرف 23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ انہیں مینڈس نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ محمد یوسف نے یونس خان نے کے ساتھ مل کرٹیم کا مجموعہ ایک سو تیرہ رنز تک پہنچا دیا۔

یوسف 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد جے سوریا کی بال پر سنگاکارا کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پرکپتان یونس خان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور مصباح کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں تراسی رنز کا اضافہ کیا۔ یونس خان 76 رنز کی انفرادی اننگ کھیل کر پرساد کا شکار بنے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ دو سو آٹھ رنز کے ٹوٹل پر گری۔ پچھلے میچ میں ایک سو دو رنز بنا کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے عمر اکمل صرف چھ رنز بنانے کے بعد میتھیوز کی بال پر تھارنگا کوکیچ تھما بیٹھے۔ شاہد خان آفریدی پانچ رنزکی اننگز کھیلنے کے بعد کلاسیکرا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

رانا نوید الحسن اور مصباح الحق نے شاندار کھیل پیش کیا اورٹیم کا مجموعی اسکور 274 رنز تک پہنچادیا۔ نوید الحسن دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 رنز بناکر کلاسیکرا کی بال پرتھارنگا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر279 رنز کا ٹوٹل بنایا۔ مصباح الحق نے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستانی فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور رانانویدالحسن نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر تباہ کردیا اور آٹھ کھلاڑیوں کو صرف چوہتر رنز کے عوض پویلین لوٹادیا۔ تھارنگا صفر، جے سوریا چھ، جے وردھنے 21، سنگاکارا 16، کاپوگیدارا ایک، ایجیلومیتھیوز پانچ، کلاسیکرا صفر اور پرساد ایک رن بنا سکے۔ اس موقع پر کڈمبے اور بندارا نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی مگر 147 کے مجموعے پر آفریدی نے بندارا کو21 جبکہ مینڈس کو صفر پر آؤٹ کرکے سری لنکن بیٹنگ لائن کا صفایا کردیا۔کڈمبے 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ رانا نوید الحسن کوآل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیزیز میں پہلے ہی سری لنکا کی ٹیم تین میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشورمصطفیٰ