1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان روایتی حریف بھارت کو ہراکر سیمی فائنل میں

27 ستمبر 2009

جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے ایک اہم میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو بآسانی شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ لگ بھگ پکی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/Jpki
شعیب ملک سینچوریئن میں شاندار سنچری بناکر مین آف دی میچ قرار پائےتصویر: AP

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے کے ایک میچ میں پاکستان نے شعیب ملک کی شاندار سنچری اور شاہد آفریدی کی نپی تلی بولنگ کی بدولت اپنے روایتی حریف بھارت کو 54 رنز سے ہرا دیا۔

سنچوریئن کے سپر سپورٹ پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے بھارت کی کمزور بولنگ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ پچاس اوورز میں 302 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز عمران نذیر اور کامران اکمل اور پھر کپتان یونس خان کے آوٴٹ ہونے کے بعد محمد یوسف اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 206 رنز جوڑے۔

Indien Cricket Team Ankunft Johannesburg Südafrika
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اراکین جنوبی افریقہ میںتصویر: AP

بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر، راہل ڈراوڈ اور سریش رینا کی متاثرکن بیٹنگ کارکردگی کے باوجود 303 رنز کا ٹارگٹ بھارتی کرکٹ ٹیم کے لئے آخر میں بہت مشکل ثابت ہوا۔

پاکستان نے اس میچ میں زبردست کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کے لئے تقریباً اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ بیشتر کرکٹ ماہرین کی رائے میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف اچھے رن ریٹ سے فتح کے بعد پاکستان پہلی ٹیم ہے جس کے چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے راستے میں اب کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی ہے۔

پاکستانی کپتان یونس خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے بلے بازوں نے اسے صیحیح ثابت کردیا۔ پاکستان کے ابتدائی تین بلے باز عمران نذیر، کامران اکمل اور یونس خان پینسٹھ کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد تجربہ کار محمد یوسف اور شعیب ملک نے ایک سو ترانوے گیندوں پر دو سو چھ رنز کی شاندار میچ وننگ پارٹنر شپ سے اپنی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ یہ چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ اِس سے قبل بھارت کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کی جانب سے ایک سو بانوے رنز کی شراکت کا ریکارڈ قائم تھا۔

شعیب ملک نے 126 گیندوں میں سولہ چوکوں کی مدد سے 128 رنز بنائے۔ ایک روزہ میچوں میں یہ اُن کی ساتویں سنچری تھی۔

Cricket - Shahid Afridi
بیٹ سے شاہد آفریدی نے خاص کارکردگی نہیں دکھائی تاہم اپنی بولنگ سے بھارت کو پریشان ضرور کیاتصویر: AP

بھارت کی جانب سے تیز بولر آشیش نہرا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آف اسپنر ہربھجن سنگھ کے دس اوورز میں پاکستانی بلے بازوں نے اکہتر رنز اسکور کئے۔

جواب میں بھارت کی اننگز کے آغاز پر ہی ماسٹر بلے باز سچن تندولکر محض آٹھ رنز بناکر نوجوان پیسر محمد عامر کا شکار بنے۔ بعد میں گوتم گمبھیر، راہل ڈراوڈ اور سریش رینہ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش ضرور کی لیکن پاکستانی بولر بھارتی بلے بازوں پر اتنے حاوی ہو گئے کہ پوری بھارتی ٹیم میچ کے پینتالسویں اوور میں ہی آؤٹ ہوگئی۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler
پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان ٹرافی جیت کر ناقدین کو خاموش کرنا چاہتے ہیںتصویر: AP

چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم واحد ایسی ٹیم ہے جس نے دو میچ کھیلے اور دونوں ہی میں کامیابی حاصل کی۔

بھارتی ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے اگلے دونوں ہی میچ لازمی طور پر اب جیتنا ہوں گے وگرنہ وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتی ہے۔ستائیس ستمبر کو گروپ بی کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ اِن میں ایک میچ جوہانس برگ میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سینچوریئن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ان دو میچوں کے مکمل ہونے کے بعد گروپ بی میں بھی سیمی فانئل کے حوالے سے پوزیشن خاصی واضح ہو جائے گی۔ ادھر گروپ اے کا ایک اور اہم میچ آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان اٹھائیس ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین قریشی

ادارت: گوہر نذیر گیلانی