1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، وین جیا باؤ

17 دسمبر 2010

چین کے وزیراعظم وین جیا باﺅ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور ان کے دورہ ء پاکستان کا مقصد دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

https://p.dw.com/p/QeNp
تصویر: AP

چینی وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تو ہوائی اڈے پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی کابینہ کے ارکان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چین اور پاکستان میں انتہائی قریبی تعلقات ہیں جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ ”چائنہ کے ساتھ ہمارے تعلقات لازوال ہیں جو کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں پوری قوم چین دوستی کے لئے متحد ہے۔‘‘

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط کا کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم کے ہمراہ آنیوالا ڈھائی سو رکنی تجارتی وفد پاکستان میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ” دونوں ممالک کی یہی کوشش ہے کہ ہمارے تعلقات میں معاشی اور اقتصادی عنصر کو زیادہ تقویت دی جائے۔اس لئے چینی وزیراعظم کے ہمراہ تقریباً 250 چینی بزنس بھی ساتھ ہیں۔ ہم 14 سے زائد معاہدوں اور یاد داشتوں پر دستخط کریں گے۔آپ جانتے ہیں ہماری دوطرفہ تجارت تقریباً اس وقت سات بلین ڈالر کے لگ بھگ ہے اور ہمارا ہدف ہے کہ 2015ء میں اس تجارت کو 15 بلین تک لے کر جائیں۔“

Indien China Besuch Wen Jiabao Dezember 2010
پاکستان آنے سے قبل چینی وزیر اعظم نے بھارت کا دوررہ کیاتصویر: AP


خارجہ امور کے سابق سیکریٹری شمشاد احمد خان کا کہنا ہے کہ چینی رہنماﺅں کے دوروں کا پاکستان کے لئے ہمیشہ مثبت اثررہا ہے۔ ’’چائنہ پہلے ہی سرمایہ کاری کر رہا ہے اس لئے اقتصادی شعبے میں ہمیں امید کرنی چاہئے کہ اس دورے کے بہت اچھے نتائج نکلیں گے۔ جہاں تک خطے پر اس دورے کے اثرات کا تعلق ہے تو پاک، چین اقتصادی و سفارتی تعلقات کے خطے میں سلامتی اور سٹریٹجک لحاظ سے مثبت اثرات رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسی توقعات ہیں۔“


پاکستان آنے سے قبل چینی وزیراعظم کے دورہ بھارت میں 16 ارب ڈالر کے تجارتی معاہدوں کو پاکستان میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ تجزیہ نگار میجر جنرل(ر) جمشید ایازکا کہنا ہے کہ چین ایک ابھرتی ہوئی اقتصادی قوت ہے اس لئے اس کے بھارت کے ساتھ تعلقات بھی اقتصادی نوعیت کے ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ چین کی لازوال دوستی اور سٹریٹجک تعلقات ہیں۔

”اگر چین اور انڈیا قریب آ رہے ہیں تو اس سے ہمارا کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ میرے خیال میں ہمارا فائدہ ہی ہوگاکیونکہ کشمیر کے معاملے پر پھر چین اپنا کردار ادا کر سکے گااور اس طرح مسئلہ کشمیر چین کی مدد سے حل ہو جائے گا۔ کیونکہ اگر چین کا انڈیا کے اوپر اثر و رسوخ ہوگا تو اس کا بہت اثر پڑے گا۔“

چینی وزیراعظم پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سیاسی و فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ تین ارب روپے کی لاگت سے اسلام آباد میں قائم کئے گئے پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر کا افتتاح بھی کرینگے۔ وین جیاباﺅ اتوار کے روز پاکستانی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے۔

رپورٹ: شکور رحیم ، اسلام آباد
ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں