1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو نصف کردیا</p>

4 مارچ 2011

پاکستانی حکومت نے حال ہی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا تاہم اب حکومت نے اس اضافے کو تقریباً نصف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10TKn
حکومت نے حال ہی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھاتصویر: AP

پاکستان کے وزیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تیل کی قیمتوں میں نو اعشاریہ نو فیصد اضافے کو نصف کرنے کا اعلان جمعے کی صبح کیا۔

حکومت نے یہ فیصلہ حزبِ اختلاف کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کیے گئے پہلے اضافے کے خلاف احتجاج کے بعد کیا ہے۔ تیل میں اضافے کی وجہ حکومت نے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں جاری سیاسی اور داخلی بحران کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ قرار دی تھی۔

Pakistan Politik Koalition
پاکستانی وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی (دائیں) اور ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ کے گورنر عشرت العبادتصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان میں حکومت کو گرانی اور افراطِ زر کے باعث عوام میں نامقبولیت کا سامنا ہے۔ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں، بالخصوص متحدہ قومی موومنٹ، کرپشن اور مہنگائی کو بنیاد بنا کر چند ماہ قبل حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے اس فیصلے کے پیچھے اس وقت حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ تھا۔ حکومت کو ایم کیو ایم کی علیحدگی کے بعد اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔

تاہم اقتصادی ماہرین کی رائے ہے کہ حکومت کے لیے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ پاکستان کی معاشی صورتِ حال خاصی خراب ہے اور وہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اگر ملکی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرتی ہے تو اس سے معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے لیے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ پاکستان کی داخلی سیاست میں خاصی اہمیت رکھتا ہے۔ حزبِ اختلاف کی جماعتیں اس ضمن میں حکومت پر سخت دباؤ ڈالے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں