1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان جانے والا اسلحے سے لدا بحری جہاز پکڑا گیا، بھارتی پولیس

27 جون 2010

بھارتی پولیس کراچی جانے والے ایک بحری جہاز کے عملے سے تفتیش میں مصروف ہے جس میں مبینہ طور پر ’بھاری مقدار‘ میں اسلحہ اور گولہ بارود پایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/O4BH
تصویر: AP

کولکتہ کے ساحل پر بھارتی کوسٹ گارڈز نے یہ جہاز جمعہ کو پکڑا۔ حکام کے مطابق اس جہاز میں آتش گیر مواد کی موجودگی کی اطلاع خفیہ ذرائع سے حاصل ہوئی۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل بھوپیندر سنگھ نے صحافیوں کو بتایا، ’’ کوسٹ گارڈز اور بحریہ کے اہلکاروں نے جہاز سے بڑی مقدار میں راکٹ لانچر، اینٹی ایئرکرافٹ گنز اور چند دیگر نوعیت کے بم برآمد کئے ہیں جو دو بڑے کنٹینروں میں رکھے گئے تھے۔‘‘

کولکتہ میں ہفتہ کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں سنگھ نے کہا کہ جہاز کے کپتان سے تفتیش کی جارہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ 153 میٹر طویل MV Aegean Glory نامی یہ بحری جہازپاناما میں رجسٹرڈ ہے اور مونورویا، لائیبیریا، ماریشس اور چٹاگانگ سے ہوتا ہوا کولکتہ پہنچا تھا۔ بھارتی حکام کے بقول ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ اسلحہ وگولہ بارود کس کے لئے لے جایا جارہا تھا۔ بھوپیندر سنگھ کے بقول جہاز کے کپتان نے جو دستاویزات فراہم کی ہیں ان میں ربط نہیں لہٰذا اب جہاز پر لدے تمام کنٹینر کھولے جائیں گے اور سامان کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ بھارتی اہلکار اس واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس بات پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ آخر یہ جہاز بھارتی سمندری حدود سے ہی کیوں گزر رہا تھا۔

Pakistan SAARC Gipfel
بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم اپنے پاکستانی ہم منصب رحمان ملک کے ہمراہتصویر: AP

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب پاکستان اور بھارت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں سارک ممالک کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی ہے۔ پاکستانی وزیر داخلہ رحمان ملک نے اپنے بھارتی ہم منصب پی چدمبرم سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی بڑھانے اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی اصل مقصد ہے۔ رحمان ملک نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تحقیقاتی ادارے ممبئی حملوں سمیت دہشت گردی سے متعلق دیگر معاملات پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں۔

بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ انہوں نے تمام ضروری تفصیلات پاکستان کو فراہم کیں ہیں۔ انہوں نے رحمان ملک سے ملاقات کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں البتہ اتنا ضرور کہا کہ ممبئی حملوں میں کچھ اور لوگ بھی ملوث ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں