1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بھارت سے نمٹنا جانتا ہے، پاکستانی فضائیہ کے سربراہ

بینش جاوید
24 نومبر 2016

پاکستانی ایئر فورس کے سربراہ نے روایتی حریف ملک بھارت کو کشمیر کے تنازعہ کو ایک بھر پور جنگ میں تبدیل کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ایئر چیف نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کو بھارت سے کوئی ڈر نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/2TA9M
Pakistan Sohail Aman Oberbefehlshaber der pakistanischen Luftwaffe
تصویر: picture-alliance/dpa/Pakistan Air Force

پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں آئیڈیاز نامی بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں بھارت سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بھارت کے لیے بہتر ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔‘‘

 پاکستانی چیف آف ایئر سٹاف نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب ایک روز قبل ہی لائن آف کنٹرول پر مبینہ طور پر بھارتی فائرنگ کے باعث پاکستان کے تین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ پاکستان کے مطابق گزشتہ روز بھارتی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں بارہ شہری بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’ اگر نئی دہلی اس بحران کو بڑھانے کی کوشش کرے گا تو پاکستانی افواج بھی بھارت سے نمٹنا جانتی ہیں۔‘‘

 

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے معاملے پر دو جنگیں ہو چکی ہیں۔ دونوں ممالک کشمیر کو اپنے ملک کا حصہ تصور کرتے ہیں۔ اس برس کشمیری باغی نوجوان رہنما برہان وانی کی بھارتی افواج کی جانب سے ہلاکت اور اڑی حملے کے بعد سے دونوں ممالک میں تناؤ برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کئی مرتبہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت شہریوں کی ہلاکتوں ہوئیں۔