1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بمقابلہ سری لنکا: ٹیسٹ سیریز کے بعد پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان کی شکست

30 جولائی 2009

جمعرات کے دن سری لنکا نے دمبولا میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 36 رنز سے شکست دینے کے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/J0WZ
آف سپنر مرلی دھرن کو بہترین کھلاڑی کا ایواڑ دیا گیا۔تصویر: AP

سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.4 اوورں میں 196رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی باؤلروں نے کھیل کے آغاز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم بعد ازاں مڈل آڈر بلے باز میتھیوز اور مرلی دھرن نے بالتریب 43 اور 32 رنز بنا کر سری لنکا کا مجموعی اسکور 232 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین جبکہ عبدالزاق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو سلامی بلے باز کوئی اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔ کامران اکمل 20 جبکہ شعیب ملک 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ون ڈاؤن کھلاڑی شاہد آفریدی نے کچھ بہتر کھیل پیش کیا اور انہوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے ستائیس رنز بنائے۔ پاکستانی مڈل آرڈر بلے بازوں نے کچھ بہتر کھیل پیش کیا اور ڈرامائی طور پر میچ کا پانسہ بدلنے کی کوشش کی لیکن محمد عامر کے رن آوٹ ہونے کے بعد پاکستان کی یہ میچ جیتنے کی آخری امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ فواد عالم نے 31، عمر گل نے 33 جبکہ پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والےمحمد عامر نے 23 رنز بنائے۔

سری لنکا کے آف سپنر مرلی دھرن کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس سیریز کا اگلا میچ ہفتہ کو دمبولا ہی میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک