1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: دوسرے ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن

21 نومبر 2010

دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ کے 584 سکور کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 59 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے، جنوبی افریقہ کو اس وقت 525 رنز کی برتری حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/QEkI
ڈیل سٹائن: تیز بائلرتصویر: AP

ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے اور حتمی ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں اپنے مجموعی سکور584، نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئرکردی۔ پہلے دن کے سکور تین سو گیارہ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پرجب جنوبی افریقہ نے دوسرے دن کا آغاز کیا تو پاکستانی بولروں نے اچھی بولنگ کی۔ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر تنویر احمد نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹسمین مارک باؤچر کو بولڈ کر کے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہی پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کل چھ وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری دن کی خاص بات اے بی ڈویلیئرز کی شاندار ڈبل سینچری رہی۔ انہوں نے 278 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کسی بھی بلے باز کا یہ سب سے زیادہ انفرادی سکور ہے۔ دوسرے دن مارک باؤچر کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے لیکن ڈویلیئرز نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی۔ انہوں نے اپنی اس اننگز میں چھ چھکے اور تئیس چوکے لگائے۔

Younis Khan Cricketspieler
یونس خان کو ذمہ داری سے کھیلنا ہو گاتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر تنویر احمد رہے، جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہی چھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ عبدالرحمان نے دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر عمر گل اور 17 ویں مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں ’کم بیک‘ کرنے والے محمد سمیع کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ محمد سمیع بدستور غیر متاثر کن باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ناقدین کے مطابق محمد سمیع نے ابھی تک ہر کم بیک کے بعد نہایت ناقص بولنگ کرانے کا عزم مصمم رکھتے ہیں۔ وہ اپنی لائن اور لینتھ کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان نے جب اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر محمد حفیظ دو رنز بنا کر سٹائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دوسرے دن کے اختتام پر توفیق عمر سولہ جبکہ اظہر علی چونتیس کے انفرادی سکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لئے اب بھی 326 رنز درکار ہیں جبکہ اس کے نو کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں