پاکستانی چائے والے کے حسن پر پڑوسی ملک کی دوشیزائیں فدا
18 اکتوبر 2016اس شخص کی تصویر کو سب سے پہلے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جیا علی نے شیئر کیا تھا۔ جیا علی کا کہنا ہے کہ انہیں یہ شخص اسلام آباد کے اتوار بازار میں ملا تھا اور انہوں نے اچانک اس کی تصویر لے لی تھی اور انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ان کی یہ تصویر اتنی مشہور ہو جائے گی۔ یہ تصویر پاکستانی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈنگ بن گئی ہے۔ ہیش ٹیگ چائے والا استعمال کرتے ہوئے کئی افراد نے اس تصویر کو شیئر کیا۔
بھارت کے اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اس چائے والے نوجوان کی تصویر کے بارے میں تحریر کیے اپنے مضمون میں لکھا،’’ اس نیلی آنکھوں والے چائے والے کو پاکستان کا جوہری ہتھیار کہا جا رہا ہے۔‘‘
پاکستان اور انڈیا میں کئی سوشل میڈیا صارفین نے مزاح سے بھرپور اور دلچسپ ٹوئیٹس کے ذریعے اس تصویر کو پاک بھارت تناؤ سے جوڑا۔ کئی افراد نے اسے بھارت کے وزیر اعظم سے بھی ملایا۔
سوشل میڈیا پر اس شخص کی شہرت کے بعد پاکستان کے کئی میڈیا چینلز بھی اس نوجوان کے بارے میں رپورٹ کر رہے ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ایک ٹوئیٹ سے فواد خان کے بجائے ہماری توجہ کا مرکز یہ چائے والا بن گیا ہے۔
بھارت سے شرتی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا،’’پاکستان کے پاس اتنا جازب نظر چائے والا ہے، ہمیں اس ملک پر بم نہیں پھینکنا چاہیے۔‘‘
جنونی ایشائی امور کے ماہر مائیکل کوگلمین نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا،’’ پاکستان اور بھارت کے تناؤ میں کمی آگئی ہے، اس خطے میں چائے والا ٹرینڈ کر رہا ہے۔‘‘
سوشل میڈیا صارف سہیل چیمہ نے لکھا،’’ چائے والا پاکستان کی جانب سے بھارت کی لڑکیوں پر ایک سرجیکل اسٹرائیک ہے، اب ہمیں دوسرے ہتھیار نکالنے کی ضرورت نہیں۔‘‘
شمع جنیجونے لکھا،’’ یہ چائے والا کرہء ارض کا خوبصورت ترین شخص ہے۔‘‘