1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو پچھاڑ دیا

22 اپریل 2009

پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے 168 رنز کا ہدف پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر دیا۔ شاہد آفریدی نے میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔

https://p.dw.com/p/HbyX
پاکستانی ٹیم کی قیادت یونس خان کر رہے ہیںتصویر: AP

سپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم دوبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کے 168 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے مقررہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر دیا۔ میچ کی خاص بات شاہد آفریدی کی چھ وکٹیں تھیں۔ پاکستانی بلے بازوں میں کامران اکمل 48، مصباح الحق 30 جب کہ شاہد آفریدی اور شعیب ملک 24،24 رنوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ چھ وکٹیں لینے والے شاہد آفریدی نے صرف 16 گیندوں پر 24 رن بنائے۔

میچ کا آغاز ہوا توآسٹریلیا کے سلامی بلے بازوں مارش اور ہڈن نے ٹیم کو 41 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا تاہم مارش سولہ رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 95 رنز کے مجموعے پر گری۔ ہڈن کی 40 رنز کی اننگز کا خاتمہ شاہد آفریدی نے کیا۔جس کے بعد صرف ہوپس کریز پر کھڑے رہے جب کہ کوئی بھی دسرا آسٹریلوی بلے باز زیادہ دیر ان کا ساتھ نہ دے سکا اور پے درپے وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

شین واٹسن 40، مائیکل کلارک چار، اینڈریو سائمنڈز دو، ہارٹز ایک، اسٹورٹ کلارک دو، نیتھن بریکن ایک اور فرگوسن دو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلوی ٹیم 39 ویں اوور میں 168 رن بناکر آؤٹ ہوئی۔ شاہد آفریدی نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 38 رنز کے عوض چھ بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ سعید اجمل نے انیس رنز دے کر دووکٹیں ہتھیائیں۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ انتخاب عالم کا کہنا تھا : ’’ٹیم ورلڈ چیمپئن کے خلاف بہترین وننگ کمبینیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔‘‘ دبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتخاب عالم نے کہا کہ یو اے ای میں پریکٹس میچ کھیل کر کھلاڑی یہاں کی کنڈیشنز کے ساتھ ایڈجسٹ ہو گئے ہیں جس کا پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ انتخاب عالم نے تاہم کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور اس کے خلاف سیریز مشکل ہوگی اس کے باوجود ٹیم شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ ٹم نلسن کا کہنا ہے کہ اینڈریو سائمنڈز اور شین واٹسن کی ٹیم میں موجودگی سے رکی پونٹنگ، مائیکل ہسی اور مچل جونسن کی کمی محسوس نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں آل راونڈر بھر پور فارم میں ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ٹم نلسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اس لئے اس کے خلاف محتاط انداز سے کرکٹ کھیلنا ہوگی۔