1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے سات بھارتی ہلاک، نو زخمی

1 نومبر 2016

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے ان کے سات شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز بھارتی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم چار پاکستانی شہری ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2Ryif
Kaschmir Grenzstreitigkeiten Indien Pakistan Verletzung Waffenruhe
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Mughal

جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے مابین سرحدی کشیدگی مسلسل جاری ہے۔ آج بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے زیر کنٹرول کشمیر کے دو مختلف مقامات پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ اور مارٹر گولوں سے ان کے سات شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

بھارت کے ایک اعلیٰ سول افسر پون کوٹوال کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’صوبہ پنجاب سے ملحق جموں شہر کے سامبا سیکٹر میں پاکستان کی فائرنگ اور گولہ باری سے دو بچے اور تین بالغ افراد مارے گئے ہیں۔‘‘

اسی طرح راجوری کے علاقے میں بھی دو بھارتی خواتین ماری گئی ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق منگل کی صبح شروع ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ان کے نو شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے نکیال سیکٹر میں ہونے والی بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم چار شہری ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے تھے۔ گزشتہ شب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فورسز عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور پاکستانی فورسز بھی بھارت کو جواب دیں گی۔

دونوں ہی ممالک کی افواج ایک دوسرے پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں اور ’بلا اشتعال فائرنگ‘ کرنے کا الزام عائد کرتی ہیں۔

Kaschmir Grenzstreitigkeiten Indien Pakistan Verletzung Waffenruhe
گزشتہ سات دنوں کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد بھی سات بنتی ہےتصویر: Getty Images/AFP/S. Qayyum

ستمبر کے بعد سے سرحد پر جاری گولہ باری کے نتیجے میں بھارت کے آٹھ فوجی بھی مارے جا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد بھی سات بنتی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے مابین نہ صرف سرحدی بلکہ سفارتی سطح پر بھی کشیدگی جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے بھارت نے ایک پاکستانی سفارت کار کو ’جاسوسی‘ کے الزام میں ملک بدر کر دیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی ایک بھارتی سفارت کار کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک سے نکال دیا تھا۔

دوسری جانب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ابھی تک حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جبکہ بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں تقریباﹰ نوے کشمیری ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔