پاپ گلوگار جسٹِن بِیبر سروں کا جادو جگانے بھارت پہنچ گئے
10 مئی 2017خبر رساں ادارے اے ایف پی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق جسٹن بیبر کے مدّاح ملک بھر سے بھارت کے تجارتی سرگرمیوں کے مرکز ممبئی پہنچ رہے ہیں۔ وہ اس نامور موسیقار کو اُن کے مقبول گانوں کی لَے پر اُنہیں جھومتے ناچتے دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں ۔
بھارتی ریاست گُجرات کے اٹھارہ سالہ راحل تیواری نے اے ایف پی کو بتایا،’’ میں جسٹِن بیبر کی موسیقی کو گزشتہ پانچ سالوں سے سن رہا ہوں میں اُنہیں دیکھنے کی خواہش رکھتا ہوں ۔ مجھے بیبر بطورِ گلوگار بہت محبوب ہیں۔‘‘
آج ڈیڑھ بجے سہ پہر کو جسٹن بیبر کی ممبئی ایئر پورٹ آمد پر اُن کے کئی مداح بھی وہاں پہنچے۔ بھارتی میڈیا نے اِس 23 سالہ گلوکار کی ممبئی آمدکی خبروں کو بھرپور طریقے سے نشر کیا۔
جسٹِن بیبر ممبئی کے ڈی وائے پاٹل اسٹیڈیم میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موسیقار کی ایک سولہ سالہ مدّاح ریا اسرانی نے اے ایف پی کو بتایا،’’ میں بیبر کی بہت بڑی مداح ہوں۔ وہ بہت پرکشش ہیں اور ہماری نسل کے لیے بہت ہی عمدہ گانے گاتے ہیں۔‘‘
کچھ بھارتی اخبارات نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ عالمی شہرت یافتہ موسیقار ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوٹل سے اسٹیڈیم تک پہنچیں گے جہاں شام آٹھ بجے ان کے کانسرٹ کا آغاز ہو گا۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پانچ سو پولیس افسران سمیت ایک ہزار سکیورٹی اہلکار کانسرٹ میں سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے موجود ہوں گے جبکہ نامور بالی وڈ اداکار سلمان خان کے ذاتی سکیورٹی گارڈ بیِبر کے دورے کے دوران انہیں سکیورٹی فراہم کریں گے۔