1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پانچ یورو کا نیا سکہ، یاد ماضی تازہ ہو گئی

عاطف بلوچ20 اپریل 2016

جرمن وفاقی بینک کی طرف سے متعارف کرائے گئے پانچ یورو کے نئے سکے نے بہت سے جرمنوں کی ماضی کی یادوں کو تازہ کر دیا ہے کیونکہ یہ سکہ جرمنی کی پرانی کرنسی ڈوئچے مارک کے سکے سے بہت زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IYtQ
Deutschland neue Fünf-Euro-Münze
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Hoppe

پرانی جرمن کرنسی میں پانچ مارک کا سکہ روزمرہ کی خریداری کے لیے بہت مقبول تھا۔ سن 2002 میں جب یورو کرنسی متعارف کرائی گئی تھی تو اس سکے کی جگہ پانچ یورو کا نوٹ متعارف کرا دیا گیا تھا۔ یورو کرنسی میں ابھی تک پانچ یورو کا کوئی سکہ خریداری کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا تھا۔

حال ہی میں محدود تعداد میں متعارف کرائے گئے پانچ یورو کے سکے کے حصول کے لیے منگل کے دن برلن میں واقع وفاقی بینک کے باہر ایسے بہت سے لوگ ایک قطار میں کھڑے تھے، جو اس سکے کو حاصل کرنا چاہتے تھے۔ اسی قطار میں موجود جرمن شہری ژورگ ملر نے روئٹرز سے گفتگو میں کہا، ’’فی الحال ہمارے ملک کی برآمدات کے لیے یورو ایک اچھی کرنسی ہے۔ لیکن ہم جنوبی ممالک میں اس کرنسی کے بارے میں قدرے تشویش میں مبتلا ہیں۔ اٹلی قرضے میں دھنستا جا رہا ہے جبکہ فرانس کی صورتحال بھی زیادہ بہتر نہیں ہے۔‘‘

بہت سے جرمن ڈوئچے مارک کو ترک کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔ اُس وقت یہ کرنسی دوسری عالمی جنگ کے بعد ملکی اقتصادی بحالی کی ایک علامت تصور کی جاتی تھی۔ آج بھی ایسے جرمن باشندے جن کے پاس مارک ہیں، وہ اس کرنسی کو یورو میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔

پانچ یورو کے سکے کے ایک جانب دنیا کی تصویر ثبت ہے جبکہ دوسری طرف عقاب کی شبیہ کھدی ہوئی ہے۔ یہ بالکل ویسے ہی نظر آتا ہے، جیسا کہ پانچ مارک کا سکہ تھا۔ پانچ مارک کا سکہ Heiermann کے نام سے مشہور تھا۔ جرمنی کے مقبول ’مینیجر میگزین‘ نے لکھا ہے کہ ’جرمنی کو اس کا Heiermann واپس مل گیا ہے‘۔

پانچ یورو کے سکے پر جرمنی کا قومی نشان ’عقاب‘ کندہ ہے اور یہ یورپی یونین کی مشترکہ کرنسی یورو کے دیگر سکوں سے کچھ مختلف ہے، اس لیے اس کا استعمال صرف جرمنی میں ہی ممکن ہو سکے گا۔

Deutschland Fünf Euro Münze Sammlerstück
یہ سکہ جرمنی کی پرانی کرنسی ڈوئچے مارک کے سکے سے بہت زیادہ مشابہت رکھتا ہےتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

جرمن حکومت نے بتایا ہے کہ 2.5 ملین یورو مالیت کے برابر پانچ یورو کے سکے تیار کیے جا چکے ہیں جبکہ ان سکوں کی تعداد ڈھائی لاکھ بتائی گئی ہے۔ اس سکے کے اجراء کے موقع پر ایک شخص ایک دن میں صرف ایک سکہ ہی خرید سکتا ہے۔

کچھ جرمن شہری پانچ یورو کے سکے کو خریدنے کی خاطر آن لائن نیلامی میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محدود تعداد میں جاری کیے گئے ان سکوں کی ایک خاص اہمیت ہے۔ ان سکوں نے ان کے ڈوئچے مارک سے وابستہ پرانی یادوں کو تازہ کر دیا ہے۔