پارا چنار اتوار بازار میں بم دھماکہ، 23 ہلاک 30 سے زائد زخمی
13 دسمبر 2015ابتدائی خبروں کے مطابق کؑرم ایجنسی کے مرکزی علاقے پارا چنار کے عید گاہ میدان میں لگنے والے اتوار بازار میں یہ دھماکہ عین اُس وقت ہوا جب وہاں خریداروں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی۔ پارا چنار کا علاقہ اس شمالی قبائلی علاقے میں شیعہ برادری کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
کُرم ایجنسی کے ایک سینئر پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک بیان میں بتایا کہ پارا چنار کے اتوار بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس خبر کی تصدیق کُرم ایجنسی کی سیاسی انتظامیہ کے ایک منتظم امجد علی خان نے بھی کر دی ہے۔
سیاسی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کا کام جاری ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق عینی شاہدین نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
شہر کے داخلی مقام پر واقع عید گاہ میدان جہاں یہ اتوار بازار لگا کرتا ہے وہاں دھماکے کے وقت خواتین اور بچے بھی موجود تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے اور ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
یہ علاقہ ایک عرصے سے عسکریت پسندوں کی بپا کی ہوئی شورش اور فرقہ ورانہ فسادات کا مرکز بنا ہوا ہے۔ پاکستانی فوج نے اس علاقے سے دہشت گردوں اور فرقہ ورانہ فساد پھیلانے والے باغیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ایک عرصے سے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔